نئے بجلی کنکشن کے لیے فیس بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی گئی
اشاعت کی تاریخ: 7th, October 2025 GMT
بجلی صارفین کو نئے کنکشن کے لیے 5 ہزار کے بجائے اب 25 ہزار روپے ادا کرنے ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے نئے میٹروں کی خریداری کی مد میں صارفین پر بھاری بوجھ ڈال دیا ہے۔ لیسکو نے نجی کمپنیوں کو اے ایم آئی میٹرز بنانے اور فروخت کرنے کی اجازت دے دی ہے جس سے ان کمپنیوں کو کروڑوں روپے کا فائدہ ہونے کا امکان ہے۔ جو میٹر پہلے 5 ہزار روپے میں ملتا تھا، اب صارفین کو وہی میٹر 25 ہزار روپے میں خریدنا پڑے گا۔ اس حوالے سے لیسکو نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیسکو اب میٹر خود فراہم نہیں کرے گا۔ بلکہ یہ صرف این او سی جاری کرے گا، جبکہ صارفین کو نئے کنکشن یا ناقص میٹروں کی تبدیلی کے لیے ان نجی کمپنیوں سے میٹر خریدنا ہوں گے۔ لیسکو حکام کے مطابق کمپنی کا سالانہ بجٹ مکمل طور پر خرچ ہو چکا ہے، اس لیے صرف نجی کمپنیاں ہی جون 2026 تک صارفین کو میٹر فراہم کریں گی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
مریم نواز نے پنجاب میں سولر بجلی نرخ میں 2 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کر دیا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کے سولر پاور کے بجلی نرخ میں 2 روپے فی یونٹ کمی کر دی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پنجاب کابینہ کا 29واں اجلاس ہوا ۔جس میں صوبائی کابینہ نے سیلاب متاثرین کے لئے حتمی امدادی پیکج کی بھی منظوری دے دی۔ سیلاب متاثرین کو17 اکتوبر سے امدادی رقوم کے چیک کی تقسیم شروع کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ جاں بحق فرد کے لواحقین کو 10 لاکھ، مستقل معذوری پر 5 لاکھ اور معمولی معذوری پر 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ اسی طرح پکا گھرمکمل گرنے پر 10 لاکھ، جزوی طور پر گرنے پر3، کچا گھر مکمل گرنے پر 5 لاکھ اور جزوی طور پر گرنے پر 1.5لاکھ تک امداد دی جائے گی ۔بڑے مویشی پر پانچ لاکھ تک اور چھوٹے جانوروں کے مرنے پر 50ہزار روپے ملیں گے۔ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ایم بی بی ایس فیس 10ہزار ڈالر مقرر کردی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے 20 ہزار ڈالر فیس کی تجویز مسترد کر دی۔دیگر صوبوں کے ایم بی بی ایس امیدواروں کے لئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پاس کرنا لازمی قرار دے دیا گیا۔