مشتاق احمد اسلام آباد پہنچ گئے، فلسطین زندہ باد کے نعروں کی گونج میں ایئرپورٹ پر استقبال
اشاعت کی تاریخ: 10th, October 2025 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق سینیٹر مشتاق احمد بحرین سے اسلام آباد پہنچ گئے۔ استقبال کے لئے سینکڑوں شہری ایئرپورٹ پہنچے جہاں لوگ فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ شہریوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور فلسطینی جھنڈے لہرائے۔ دریں اثناء ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اردن کے نائب وزیراعظم کو فون کیا اور سابق سینیٹر مشتاق احمد کی عمان واپسی میں اردن کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔ مشتاق احمد خان نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا ہے کہ تیونس سے مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہ تک 20 دن کا سمندری سفر کیا۔ سفر اور پھر جیل میں 3 دن بھوک ہڑتال کی۔ ملائیشیا کے وزیراعظم کا شکریہ کہ انہوںنے اپنا جھنڈا بھی ہمیں دیا۔ اسرائیلی فوجی بس کاغذی شیر ہیں۔ اسرائیلی فوج کو ہماری 50 کشتیاں پکڑنے میں 12 دن لگے۔ کشتی سے اتارنے کے بعد ہمیں اسرائیلی اہلکار بندرگاہ لے گئے۔ مجھ سے پوچھا کہاں سے آئے ہو۔ بتایا کہ پاکستان سے‘ تو اسرائیلی فوجی نے گالی دی۔ ہمارے قافلے میں ہر مذہب اور قوم کا شخص موجود تھا۔ صمود فلوٹیلا میں یہودی بھی شامل تھے۔ مذاکرات حماس کی کامیابی کا ثبوت ہیں۔ نیلسن منڈیلا کے پوتے کے ساتھ سیل میں رہا یہ بھی میرے لئے اعزاز ہے۔ گریٹا اور فلوٹیلا میں شامل تمام خواتین کو پاکستان آنے کی دعوت دوں گا۔ غزہ میں جنگ بندی نہ ہوئی‘ نسل کشی نہ روکی گئی تو دوبارہ جائیں گے۔ مطالبہ کروں گا کہ ہمیں کراچی کی بندرگاہ سے جانے کی اجازت دی جائے۔ پاکستان میں ایک لاکھ پاک فلسطین کمیٹیاں بناؤں گا۔ حافظ نعیم میرے لئے آج بھی محترم ہیں۔ ضروری نہیں کوئی پارٹی چھوڑے تو جھگڑے کے ساتھ چھوڑے۔ میں کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہوں گا۔ مشتاق احمد خان نے جماعت اسلامی سے استعفیٰ دینے کی بھی تصدیق کی۔ فلوٹیلا پر سفر کے دوران 19 ستمبر کو اپنا استعفیٰ بھیجا‘ تاہم اب تک کوئی جواب نہیں ملا۔ میں چاہتا ہوں کہ میں کھل کر انسانی حقوق‘ جمہوریت‘ آزاد میڈیا‘ ڈاکٹر عافیہ‘ فلسطین اور فیڈریٹنگ یونٹس کے دستوری حقوق کی جدوجہد کروں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں علی وزیر اور ماہ رنگ بلوچ اور منظور پشین سے ملنے جانا چاہتا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ عمران خان کا فری ٹرائل کیا جائے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ جس رات میں نے استعفیٰ دیا اس رات اسی طرح رویا جس طرح اپنی والدہ کی وفات پر رویا تھا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: مشتاق احمد
پڑھیں:
ہم رہا ہو چکے ہیں لیکن فلسطین کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی: مشتاق احمد خان
اسلام آباد : سابق سینیٹر و رہنما جماعت اسلامی پاکستان مشتاق احمد خان نے اسرائیلی قید سے رہائی کے بعد پہلا ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔مشتاق احمد خان کے آفیشل فیس بک پیج سے جاری ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں اپنے گلوبل صمود فلوٹیلا کے 150 ساتھیوں کے ساتھ اردن پہنچ چکا ہوں. 5 دن اسرائیل کے بدنام زمانہ جیل نیگیو میں رہنے کے بعد ہمیں رہائی مل چکی ہے۔سابق سینیٹر نے بتایا کہ اسرائیلی قید کے دوران ہمارے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ڈال کر پہچھے باندھے گئے. پاؤں میں زنجیرے ڈالی گئیں.آنکھوں پر پٹیاں باندھی گئیں اور ہمارے پر کتے چھوڑے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ہمیں بدترین قسم کا ٹارچر کیا گیا. قید میں ہم نے اپنے مطالبات کیلیے 3 دن بھوک ہڑتال کی کیونکہ ہمیں کھانا، پانی، ادویات و دیگر چیزوں تک رسائی نہیں دی گئی تھی۔’ہم رہا ہو چکے ہیں .لیکن فلسطین کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ اس ناکہ بندی کو توڑیں گے، ہم بار بار غزہ جائیں گے۔ مزاحمت جاری رہے گی. پاکستان پہنچ کر سفر اور اسرائیلی قید کی روداد بیان کروں گا۔‘
واضح رہے کہ مشتاق احمد خان گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل تھے جو غزہ کے فلسطینیوں کی مدد کیلیے اسپین سے روانہ ہوا تھا .لیکن اسرائیلی بحریہ نے تمام کارکنوں کو منزل تک پہنچنے سے قبل ہی گرفتار کر لیا تھا۔