ائیرکرافٹ انجینئرز نے پی آئی اے انتظامیہ پر سنگین الزامات عائد کردیے
اشاعت کی تاریخ: 10th, October 2025 GMT
کراچی:
سوسائٹی آف ائیرکرافٹ انجینئرز پاکستان (سیپ) کے عہدیدار قومی ائیرلائن انتظامیہ کے غلط فیصلوں پر پھٹ پڑے۔
جنرل سیکرٹری سیپ اویس جدون کا کہنا ہے کہ طیاروں کی مرمت میں سنگین کوتاہی اور غیر تیکنیکی فیصلوں نے پی آئی اے کے جہازوں کو کباڑ خانہ بنادیا، 34 طیاروں کا بیڑا پہلے 16 اور اب 12 طیاروں پر آگیا۔
انہوں نے کہا کہ فضائی بیڑے کی تباہی کے ذمہ دار ہم نہیں بلکہ پی آئی اے انتظامیہ ہے، مسافروں کے جان و مال کے تحفظ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، لینڈنگ گئیر تبدیل نہ ہونے کی وجہ سے پی آئی اے کا کینیڈا آپریشن بند ہوا، لینڈنگ گئیرتبدیل کرنے کیلئے 3 ماہ ملے لیکن پی آئی اے انتظامیہ نے لینڈنگ گئیر نہیں منگوائے۔
اویس جدون کے مطابق جرمنی سے چارٹر طیارے سے لینڈنگ گیئر منگوائے گئے لیکن اس میں ٹولز نہیں تھے، طیارہ ابھی تک ہینگر میں گراونڈ ہے، بوئنگ 777 ساختہ طیارے کے لیے غلط اور غیرمروجہ طریقہ کار اختیار کرنے کی وجہ سے اس کے ناکارہ ہونے کا خدشہ ہے۔
اویس جدون نے کہا کہ نااہل انتظامیہ کی وجہ سے قومی ائیر لائن تباہی کے دہانے پر ہے، سنگین فنی خرابیوں کے باوجود انجینئرز پر طیاروں کو پرواز کیلئے کلیئر کرنے کا دباؤ ڈالا جاتا ہے، اس وقت ائیرکرافٹ انجینئرز انتہائی دباؤ میں کام کر رہے ہیں۔ 7 اکتوبر کو ٹورنٹو پرواز کے طیارے میں فنی خرابی رپورٹ کرنے پر انجینئر کو زدوکوب کیا گیا۔
سوسائٹی آف ائیرکرافٹ انجینئر کے صدر عبداللہ خان نے کہا کہ جو انجینئرز سیفٹی کے قوانین پر عمل کرتے ہیں ان کی اے سی آر خراب کی جا رہی ہے، انجنوں، لینڈنگ گئیرز کی وجہ سے جہاز بجائے اڑنے کے ہینگر میں کھڑے ہیں، انجن تو بہت مہنگی چیز ہے، فاضل پرزہ جات کی قلت کے سبب عام پرزوں کی تبدیلی ممکن نہیں ہے۔
عبداللہ خان نے کہا کہ مسلسل پرزہ جات دیگر جہازوں سے نکالنے کےلیے دباؤ ڈالاجاتا ہے، پی آئی اے جہاز پرایک کمپوننٹ لگانے کے بعد انجینئر کو ٹیگ پر دستخط کرنے کا کہا گیا،انجینئر نے ناقص پرزے پر سائن کرنے سے منع کیا تو ایک غیر متعلقہ آفیسر نے خود اس پر دستخط کردیے، آج بھی جہاز بغیر وردینس کے اڑ رہا ہے مگر کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔
عبداللہ خان نے کہا کہ انجینئرز آج دوبارہ برملا کہتے ہیں کہ پی آئی اے کی نجکاری کے قطعی خلاف نہیں ہیں، ہمیں تو پی آئی اے کا مستقل مالک چاہیئے جو آکر ان بدترین حالات کو سنبھالے، سرٹیفکیٹ آف اتھاریزیشن اس وقت تک معطل رکھیں گے جب تک ایک محفوظ اور پیشہ ورانہ دباؤ سے پاک ماحول کی ضمانت نہیں ملتی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ائیرکرافٹ انجینئر نے کہا کہ پی آئی اے کی وجہ سے
پڑھیں:
علیمہ خان کے وارنٹ جاری؛ عدالت کا گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم
راولپنڈی(نیوز ڈیسک)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے عدالت نے انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر احتجاج کیس میں پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت نے حکم دیا کہ علیمہ خان کو گرفتار کر کے 11 اکتوبر کو پیش کیا جائے۔
کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔ مقدمے میں علیمہ خان پر آج فردِ جرم عائد کی جانی تھی تاہم وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
اسی مقدمے میں شامل دیگر 6 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جن پر فردِ جرم عائد کر دی گئی، تاہم ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کیا ہے۔ جس کے بعد عدالت نے علیمہ خان پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے نئی تاریخ 11 اکتوبر مقرر کر دی ہے۔