سلمان خان کے ساتھی اداکار اور باڈی بلڈر ورندر گھمن کا اچانک انتقال، وجہ کیا بنی؟
اشاعت کی تاریخ: 10th, October 2025 GMT
بھارت کے نامور باڈی بلڈر اور اداکار ورندر سنگھ گھمن 42 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ ان کی وفات امرتسر کے فورٹیس اسپتال میں ہوئی، جہاں وہ ایک معمولی بائسپس سرجری کے لیے داخل ہوئے تھے۔ گھمن کے اہل خانہ اور منیجر نے ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ابتدائی طور پر کندھے میں درد کی شکایت تھی، جس کے بعد وہ اسپتال لائے گئے تھے۔
ورندر سنگھ گھمن کا شمار بھارت کے مایہ ناز باڈی بلڈرز میں ہوتا تھا۔ ان کا تعلق پنجاب کے ضلع گرداسپور سے تھا۔ انہوں نے 2009 میں ’مسٹر انڈیا‘ کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ ’مسٹر ایشیا‘ مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
یہ بھی پڑھیں: ’باپ بننا چاہتا ہوں اور بنوں گا بھی‘، سلمان خان نے خواہش کا اظہار کردیا
گھمن کو دنیا کا پہلا مکمل سبزی خور (ویجیٹیرین) پیشہ ور باڈی بلڈر ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا، جس پر وہ فخر محسوس کرتے تھے۔ ان کا ماننا تھا کہ اعلیٰ درجے کی جسمانی فٹنس گوشت کھائے بغیر بھی ممکن ہے، اور وہ نوجوانوں کو اسی طرزِ زندگی کو اپنانے کی ترغیب دیتے تھے۔
2013 میں ہالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار اور باڈی بلڈر آرنلڈ شوارزینیگر نے گھمن کو ایشیا میں اپنی مصنوعات کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا، جو ان کے کیریئر کا ایک اہم سنگ میل تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ’آپ بھی عمرہ ادا کریں‘، عمرہ کے بعد راکھی ساونت کا سلمان خان کو پیغام
ورندر سنگھ گھمن نے 2012 میں پنجابی فلم ’کبڈی ونس اگین‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ اس کے بعد وہ 2014 میں ہندی فلم ’روئر: ٹائیگرز آف دی سندربنز‘ اور 2019 میں ’مر جاواں‘ میں بھی جلوہ گر ہوئے۔ ان کی آخری فلمی پیشکش 2023 کی بلاک بسٹر فلم ’ٹائیگر 3‘ تھی، جس میں انہوں نے سلمان خان کے ساتھ کام کیا۔
ورندر سنگھ گھمن سوشل میڈیا پر خاصے متحرک تھے اور انسٹاگرام پر ان کے ایک ملین سے زائد فالوورز تھے۔ وہ باقاعدگی سے اپنی ورزش کی ویڈیوز، فٹنس ٹپس اور نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا پیغامات شیئر کرتے تھے۔ وہ نہ صرف ایک کامیاب ایتھلیٹ بلکہ ایک متاثر کن رول ماڈل بھی تھے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان اور سلمان خان کے ساتھ فلم کرنے کے لیے عامر خان نے شرط رکھ دی
پنجاب کے سابق ڈپٹی وزیر اعلیٰ اور رکنِ پارلیمان سکھجندر سنگھ رندھاوا نے گھمن کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ورندر سنگھ گھمن کی اچانک وفات دل کو گہرا صدمہ دینے والی خبر ہے۔ انہوں نے اپنی محنت، نظم و ضبط اور لگن سے نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک کا نام روشن کیا۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
گھمن کی ناگہانی موت نے نہ صرف کھیلوں اور فلمی صنعت بلکہ ان کے لاکھوں مداحوں کو بھی افسردہ کر دیا ہے۔ ایک مثالی ایتھلیٹ، کامیاب اداکار اور اخلاقی قدروں کے علمبردار کے طور پر ورندر سنگھ گھمن کی یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اداکار کا انتقال باڈی بلڈر اور اداکار ورندر سنگھ گھمن بالی ووڈ سلمان خان.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اداکار کا انتقال باڈی بلڈر اور اداکار ورندر سنگھ گھمن بالی ووڈ ورندر سنگھ گھمن باڈی بلڈر گھمن کی کے لیے
پڑھیں:
حملہ آور کے پاس کتنے ہتھیار تھے؟ سیف علی خان مزید تفصیل بتادی
معروف بالی وڈ اداکار سیف علی خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں خود پر ہونے والے جان لیوا حملے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ حملہ آور کے پاس دو چاقو تھے اور وہ ان کے بیٹے کے کمرے میں موجود تھا۔
سیف علی خان اور اکشے کمار ایک چیٹ شو ٹو مچ وِد کاجول اینڈ ٹوِنگکل کی تیسری قسط میں بطور مہمان شریک ہوں گے۔ اس شو کے دوران سیف علی خان نے اس حملے کا واقعہ یاد کیا جب وہ رواں سال کے اوائل میں اپنے باندرہ کے گھر میں شدید زخمی ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سیف علی خان 15 ہزار کروڑ کی جائیداد سے محروم ہو جائیں گے؟
اداکار نے بتایا کہ میں جے کے کمرے میں گیا تو اندھیرے میں ایک شخص کو اس کے بستر کے قریب چاقو لیے کھڑے دیکھا، میں اس پر جھپٹ پڑا اور ہماری لڑائی شروع ہو گئی۔ پھر وہ پاگل ہو گیا۔ اس کے پاس دو چاقو تھے، اور وہ مجھے ہر طرف سے کاٹنے لگا۔ اوپر سے تیمور نے مجھے دیکھا اور کہا، ’اوہ میرے خدا! کیا آپ مرنے والے ہیں؟‘ میں نے کہا، ’نہیں، مجھے ایسا نہیں لگتا۔ لیکن میری کمر میں درد ہو رہا ہے۔ میں نہیں مروں گا، میں ٹھیک ہوں‘۔
یہ واقعہ رواں سال 16 جنوری کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں پیش آیا تھا، جب ایک شخص مبینہ طور پر چوری کی نیت سے اداکار کے گھر میں داخل ہوا۔ اس دوران اس نے سیف علی خان پر حملہ کیا اور ان کو شدید چوٹیں آئیں، جن میں ان کی ریڑھ کی ہڈی کے اوپری حصہ کو نقصان پہنچا۔ انہیں فوری طور پر لیلاوتی اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ پانچ دن زیر علاج رہے اور 21 جنوری کو انہیں چھٹی دے دی گئی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
سیف علی خان سیف علی خان حملہ