ڈیجیٹل معیشت کا نفاذ؛ مصنوعی ذہانت ملکی ترقی کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی، وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 11th, October 2025 GMT
لاہور:
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل معیشت کا نفاذ کے لیے مصنوعی ذہانت ملکی ترقی کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔
مصنوعی ذہانت کے فروغ سے متعلق ایک اہم اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو تیز کرنے اور ڈیجیٹل معیشت کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دے رہی ہے تاکہ ملکی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مصنوعی ذہانت کو معیشت کی ترقی، صنعتی پیداوار میں اضافے، سرکاری نظام کی شفافیت اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ ڈیجیٹل معیشت کے نفاذ کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے مزید مؤثر اور تیز بنایا جائے تاکہ پاکستان خطے میں ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکے۔
وزیراعظم نے مصنوعی ذہانت سے متعلق قومی پالیسی کے مؤثر نفاذ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈیٹا پروٹیکشن، پرائیویسی اور ڈیٹا سورینیٹی جیسے پہلوؤں کو خاص طور پر مدنظر رکھا جائے۔
انہوں نے مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا تاکہ اس ٹیکنالوجی کا فائدہ عوامی فلاح، تعلیم، صحت، زراعت، سکیورٹی اور دیگر اہم شعبوں میں بھرپور طور پر حاصل کیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے مصنوعی ذہانت کے فروغ اور نفاذ کے لیے ایک اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو پالیسیوں پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اے آئی کے نفاذ کے حوالے سے ماہرین پر مشتمل ایک ایڈوائزری پینل بھی قائم کیا جا رہا ہے جو تکنیکی رہنمائی فراہم کرے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی بلال بن ثاقب، اعلیٰ سرکاری افسران اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نوجوان آبادی اور ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کی بدولت مستقبل میں مصنوعی ذہانت کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے اور حکومت اس سمت میں تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مصنوعی ذہانت کے ڈیجیٹل معیشت کے لیے
پڑھیں:
محمود عباس کی وزیراعظم سے ملاقات، غزہ جنگ بندی فلسطینیوں کی ترقی کا پیش خیمہ قرار
فلسطین کے صدر محمود عباس نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور فلسطینیوں کیلیے آواز بلند کرنے سمیت سیاسی و سفارتی محاذ پر ہمیشہ حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے شرم الشیخ میں منعقدہ امن سربراہہ اجلاس کے موقع پر فلسطین کے صدر محمود عباس کے ساتھ خوشگوار ملاقات کی جس میں بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ بھی شریک تھے۔
شرم الشیخ میں ہونے والی ملاقات میں فلسطینی صدر محمود عباس نے فلسطینیوں کا ہمیشہ سے ساتھ دینے اور انکی سیاسی و سفارتی محاذ پر مدد پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے شرم الشیخ میں جنگ بندی معاہدے پر دستخط سے پہلے گرمجوشی سے غیر رسمی ملاقات اور گفتگو کی جس کے دوران کہا کہ فلسطین اور پاکستان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعقات مثالی ہیں، جس پر دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کو ناز ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے غزہ کے بہادر عوام کو گزشتہ برسوں میں ہمت و بہادری سے صعوبتیں برداشت کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے خطے میں امن و فلسطینیوں کی ترقی کا پیش خیمہ قرار دیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آرمینیا اور آذربائیجان کے صدور کے ساتھ غیر رسمی ملاقات کی وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں طے پانے والے تاریخی امن معاہدے پر دونوں صدور کو مبارکباد دی۔
غیر رسمی ملاقات میں غزہ امن معاہدے سمیت علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ واضح رہے کہ آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان حال ہی میں تاریخی تنازعہ پر امن معاہدہ طے پایا تھا۔