ایران نے 12 روزہ جنگ میں امریکا اور اسرائیل کو شکست دی، آیت اللہ خامنہ ای
اشاعت کی تاریخ: 28th, November 2025 GMT
تہران:
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے سرکاری ٹی وی پر اہم خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ اور لبنان کی مزاحمتی تحریکیں دراصل ایرانی تحریک کی اقدار اور اصولوں پر قائم ہیں، جنہوں نے خطّے میں ظلم کے خلاف مضبوط محاذ بنایا ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ ایرانی قوم نے حالیہ بارہ روزہ جنگ میں امریکا اور صیہونی رژیم کو واضح اور تاریخی شکست دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن پوری تیاری کے ساتھ آیا شر پھیلایا لیکن آخرکار شکست کھا کر خالی ہاتھ واپس لوٹ گیا۔
سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت نے اس جنگ کے لیے بیس سال تک منصوبہ بندی کی تھی، لیکن ایرانی دفاعی نظام اور قومی مزاحمت کے سامنے وہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
آیت اللہ خامنہ ای کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملے کے دوران بھرپور کوشش کی لیکن انہیں اپنے اہداف میں ناکامی کے سوا کچھ نہ ملا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم کی استقامت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی بیرونی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور علاقائی مزاحمتی قوتیں ایرانی نظریے سے تقویت پا رہی ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
آسٹریلیا نے ایرانی فوج کو دہشت گردوں کی سرپرست قرار دے دیا
آسٹریلیا نے ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کو باضابطہ طور پر دہشت گردی کی ریاستی سرپرستی کرنے والے ادارے کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
آسٹریلوی وزیرِ خارجہ پینی ویونگ نے کہا کہ انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق آئی آر جی سی نے آسٹریلیا کی یہودی کمیونٹی کے خلاف ہونے والے حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔
آسٹریلیا نے رواں برس اگست میں ایران پر سڈنی اور میلبورن میں دو یہودی اداروں کو نشانہ بنانے والی آتشزدگی کی وارداتوں کی ہدایت دینے کا الزام لگایا تھا۔
اسی سلسلے میں آسٹریلوی حکومت نے منگل کے روز تہران کے سفیر کو ملک چھوڑنے کے لیے سات دن کی مہلت بھی دی، جو کہ دوسری جنگِ عظیم کے بعد پہلا سفارتی اخراج ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کے پیش نظر ایران کے خلاف مزید اقدامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔