ایشیز ٹیسٹ دو دن میں ختم: آئی سی سی نے پرتھ کی پچ کو ’اعلیٰ ترین ‘ قرار دے دیا
اشاعت کی تاریخ: 27th, November 2025 GMT
پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا پہلا ایشیز ٹیسٹ تاریخ کے تیز ترین مکمل ہونے والے میچز میں شامل ہو گیا، جو صرف دو دن میں اختتام پذیر ہوا۔
اس میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ میچ انتہائی تیزی سے ختم ہونے کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پرتھ کی پچ کو ’بہت بہترین‘ کا درجہ دیا ہے، جو کہ آئی سی سی کے چار درجوں میں سب سے اعلیٰ ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ’بہت بہترین‘ پچ وہ ہوتی ہے جس میں اچھا باؤنس، مناسب کیری، محدود سیم موومنٹ اور بیٹرز اور بولرز کے درمیان متوازن مقابلہ دیکھنے کو ملے۔
یاد رہے کہ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ہی 19 وکٹیں گر گئی تھیں، جس نے شائقین کو حیران کردیا تھا۔
انگلینڈ کی پوری ٹیم 172 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ آسٹریلیا کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے کیریئر کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 58 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن بھی مشکلات کا شکار رہی اور دن کے اختتام تک 9 وکٹوں پر 121 رنز بنا سکی۔
دوسرے دن انگلینڈ کی ٹیم دوبارہ مشکلات سے دوچار ہوئی اور صرف 164 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابلِ یقین 123 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو صرف دو دن میں فتح دلا دی۔ آسٹریلیا نے میچ آٹھ وکٹوں سے جیت لیا۔
مجموعی طور پر دوسرے دن 13 وکٹیں گریں جبکہ 380 رنز اسکور بورڈ پر آئے۔
یہ تاریخی ٹیسٹ میچ صرف 847 گیندوں میں مکمل ہوا، جو گزشتہ 137 سالوں میں ہونے والا سب سے کم گیندوں میں مکمل ہونے والا ایشیز ٹیسٹ ہے، جب چار بال فی اوورز رائج تھے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔