حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد کی وزیراعظم آزاد کشمیر سے ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 27th, November 2025 GMT
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ تحریک آزادی کشمیر ایک مشترکہ قومی فریضہ ہے جسے وسیع تر اتحاد، باہمی مشاورت اور مربوط سفارتی حکمت عملی کے ذریعے ہی کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے ایک وفد نے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی اور انہیں وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ان کی حکومت کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے لیے ہر بین الاقوامی پلیٹ فارم پر سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کو مزید مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ تحریک آزادی کشمیر ایک مشترکہ قومی فریضہ ہے جسے وسیع تر اتحاد، باہمی مشاورت اور مربوط سفارتی حکمت عملی کے ذریعے ہی کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر حریت قیادت اور وزیراعظم آزاد کشمیر اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب تک کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول میں کامیاب نہیں ہو جاتے، جدوجہد آزادی کشمیر پورے عزم اور تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔
غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیری عوام کو اس تاریخی مرحلے پر آپ سے مضبوط سیاسی، سفارتی اور اخلاقی قیادت کی توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب وزیراعظم مقبوضہ کشمیر کو اپنی ترجیحات میں نمایاں مقام دیں گے اور امید ظاہر کی فیصل راٹھور مقبوضہ جموں و کشمیر اور آزاد کشمیر دونوں کے مفاد میں بھرپور، فعال اورموثر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موثر ہم آہنگی اور مشترکہ حکمت عملی ہی اس جدوجہد کو نئی طاقت دے سکتی ہے۔ ملاقات میں جنرل سکریٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ کے جواں سال بیٹے کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار اور مرحوم کی بلندی درجات کے لئے دعا بھی کی گئی۔ حریت وفد میں سینئر رہنماء ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ، محمود احمد ساغر، سید فیض نقشبندی، شیخ عبدالمتین، سید اعجاز رحمانی، حاجی محمد سلطان، امتیاز وانی، راجہ شاہین، شیخ عبدالماجد اور سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ شامل تھے۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
پاکستان کی جیت ہماری جیت ہے، علی لاریجانی کی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات
اسلام آباد:ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹرعلی اردشیرلاریجانی نے اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی سفارتی اور اخلاقی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور حالیہ واقعات میں افواج پاکستان کی بہادری اور کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جیت ہماری جیت ہے۔
ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹرعلی اردشیرلاریجانی نے ملاقات کی، صدر مملکت نے ڈاکٹر لاریجانی کا خیرمقدم کیا اور انہیں سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کاچارج سنبھالنے پرمبارک باد دی۔
صدر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد اور تہران کے درمیان متواتر تبادلے دو طرفہ تعلقات میں مثبت رفتار کی عکاسی کرتے ہیں، پڑوسی ممالک کے درمیان تعاون ضروری اور دونوں ممالک کے شہریوں کے مشترکہ مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخ، عقیدے اور ثقافت سے جڑے دیرینہ تعلقات ہیں، صدر نے بھارت کے ساتھ جنگ میں ایران کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے، تجارت اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان اور ایران کے درمیان ریل رابطے کو ترجیحی بنیادوں پر مضبوط کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر کنیکٹیویٹی کاروباروں اور مسافروں خصوصاً زائرین کے لیے آسان بنائے گی، ایران-پاکستان گیس پائپ لائن معاملے کا باہمی طور پر قابل عمل حل نکالنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر لاریجانی نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کی جانب سے صدر زرداری کو نیک خواہشات اور تہنیتی پیغامات پہنچائے۔
ڈاکٹر لاریجانی نے اسرائیل اور امریکا کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی سفارتی اور اخلاقی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور حالیہ واقعات میں افواج پاکستان کی بہادری اور کامیابی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جیت ہماری جیت ہے۔
ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورت حال کے ساتھ سلامتی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
وزیراعظم سے ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری کی ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے ملاقات میں دوطرفہ تعاون، پرامن اور خوش حال مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی اردشیر لاریجانی نے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور قریبی برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط اور وسیع کرنے پر زور دیا۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی وسیع اور باہمی طور پر فائدہ مند شعبوں میں پاکستان ایران تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے علاقائی مسائل پر ایران کے اصولی مؤقف کو سراہا اور مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ایران کی یک جہتی پر اپنی طرف سے اور ملک کی طرف سے شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے پرامن اور خوش حال مستقبل کے لیے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای اور صدر مسعود پیزشکیان کے لیے اپنے احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کی حمایت اور پاک-ایران تعلقات مضبوط بنانے کے عزم پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے اسرائیل اور امریکا کے ساتھ حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران ایران کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستانی قوم اور قیادت کا شکریہ ادا کیا اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی وکالت میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
ملاقات میں طے کیا گیا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی قیادت میں ایک وفد جلد ایران کا دورہ کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص زراعت، مواصلات اور روابط میں تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔