فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواج نے دشمن کو عبرتناک سبق سکھایا، کارروائی وقت کی ضرورت تھی، راناثنا
اشاعت کی تاریخ: 12th, October 2025 GMT
وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر راناثنااللہ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بہادر افواج نے دشمن کو عبرتناک سبق سکھایا، مسلح افواج نے جو کارروائی کی، یہ وقت کی ضرورت تھی۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے دوران رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے جو کارروائی کی، یہ وقت کی ضرورت ہے جب 30،30 جنازے پڑھے جارہے تھے تو پوری قوم کے دلوں میں یہ سوال اٹھ رہا تھا کہ کب تک جوان سپوتوں کے جنازے پڑھتے رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر دل میں یہ بات تھی اس کا جواب دیا جانا چاہیے اور اتنا ہی موثر دیا جانا چاہیے جتنا جواب کل دیا گیا، اس پر میں وزیراعظم ، صدر پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ جواب تو وقت کی ضرورت تھی لیکن جس موثر انداز سے جواب دیا، حق یہ بنتا تھا اور یہی تقاضا ہے، اب سیاسی قیادت کو اس موقع پر لبیک کہنا چاہیے۔
راناثنااللہ نے کہا کہ اس موقع پر میں ایک مذہبی جماعت جو غزہ مارچ کے نام پر احتجاج کررہی ہے، ان سے کہنا چاہوں گا آپ کے احتجاج میں پرتشدد واقعات ہوئے ہیں، اس حوالے سے مفتی منیب الرحمٰن، مولانا فضل الرحمٰن اور علامہ طاہر اشرفی سمیت دیگر رہنماؤں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ یہ موقع احتجاج کا نہیں، ایسے وقت میں جب افواج اپنے شہدا کے خون کا بدلا لے رہی ہے، آپ بے شک ہماری نہیں سنیں لیکن پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوں، پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں اور جن شہدا کے خون کا حساب چکایا جارہا ہے، ان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہوئے اس احتجاج کو موخر کریں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: وقت کی ضرورت افواج نے تھا کہ
پڑھیں:
پاکستان اپنی سرزمین کے تحفظ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا:فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر
افواج پاکستان کے سربراہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے پاک افغان سرحد کا دورہ کیا اور فوجی جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس دوران پاکستانی فورسز نے افغانستان کی متعدد چوکیوں پر حملہ کر کے 19 چوکیوں پر قبضہ کیا اور دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا افغان فورسز کو بھاری جانی نقصان پہنچایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی رات کے وقت کئی مختلف سرحدی مقامات پر ایک ساتھ کی گئی، جس کا مقصد دہشت گردوں کے منظم نیٹ ورک کو توڑنا اور پاکستانی علاقوں میں دراندازی کی کوششوں کو روکنا تھا۔فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے اپنے دورے کے دوران کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے تحفظ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ہر جارحیت کا سخت اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ہر حال میں سرحدوں کی حفاظت کے لیے تیار ہیں اور دشمن کو کسی بھی کارروائی کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔یہ کامیاب کارروائی پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعی تیاری کا ثبوت سمجھی جا رہی ہے. جس سے خطے میں پاکستان کا مضبوط پیغام گیا ہے کہ دہشت گردی یا سرحدی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔