کراچی کے تاجروں کو بھتے کی پرچیاں ملنا سندھ حکومت کی گورننس پر طمانچہ ہے، ایم کیو ایم
اشاعت کی تاریخ: 12th, October 2025 GMT
ایک بیان میں متحدہ ترجمان نے کہا کہ پچھلے سترہ برسوں سے یہ گورکھ دھندہ اپنے عروج پر چل رہا ہے، جعلی اکثریت کا ڈھونگ رچنے کے لئے بوگس ڈومیسائل پر غیر مقامیوں کی بھرمار اور شہری اِداروں پر ان کی یلغار نے عروس البلاد شہر کو لاقانونیت اور جرائم کی آماجگاہ بنا دیا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے کراچی کے تاجر و صنعت کار برادری کو بھتے کی پرچیاں ملنے کو سندھ حکومت کے سترہ سالوں کی گورننس کے منہ پر طمانچے کے مترادف قرار دے دیا۔ بہادر آباد مرکز سے جاری کردہ بیان میں ترجمان متحدہ نے کہا کہ اربوں روپے محصول اور کھربوں روپے سرکاری سرپرستی میں چلنے والے کارِ خیر 'سسٹم' کی مد میں دینے کے باوجود پالنہار شہر لاقانونیت کے شکنجے میں ہے، جس پر صوبائی وزرا و مشیران کی فوج ظفر موج اور دو درجن ترجمان سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہوتے ہیں، اِن واقعات کے بعد دن رات ایم کیو ایم پر بھتے کے الزامات لگانے والی تمام جماعتوں کی زبانوں پر بھی آبلے پڑ گئے ہیں جو سہولت کاری اور منافقت کے زمرے میں آتا ہے۔
ترجمان متحدہ نے مزید کہا کہ پچھلے سترہ برسوں سے یہ گورکھ دھندہ اپنے عروج پر چل رہا ہے، جعلی اکثریت کا ڈھونگ رچنے کے لئے بوگس ڈومیسائل پر غیر مقامیوں کی بھرمار اور شہری اِداروں پر ان کی یلغار نے عروس البلاد شہر کو لاقانونیت اور جرائم کی آماجگاہ بنا دیا ہے۔ ترجمان متحدہ نے مزید کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھنے والی زیادتیوں کا خاتمہ اب ناگزیر ہوچکا ہے، شہر کراچی مزید ایسے عوامل کا متحمل نہیں ہوسکتا، مقتدرہ شہری سندھ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر فی الفور نوٹس لیتے ہوئے اِن تمام معاملات کا تدارک کرے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کہا کہ
پڑھیں:
عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ضیاء الحسن لنجار
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی خدمت، فوری انصاف، مؤثر گورننس اور شفاف احتساب کے ذریعے وزیراعلیٰ سندھ کے عوام دوست وڑن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ تمام متعلقہ محکمے شہریوں کے مسائل کے بروقت، پائیدار اور مؤثر حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے وزیراعلیٰ سندھ کے مرکزی شکایات سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹیلیفون پر شہریوں کی شکایات اور مسائل براہِ راست سنے اور مختلف سرکاری محکموں سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو شکایات کے فوری، شفاف اور مؤثر ازالے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے مقررہ مدت کے اندر شکایات کے ازالے کو یقینی بناتے ہوئے اپنی تعمیلی رپورٹس پیش کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور ہر جائز شکایت پر فوری، منصفانہ اور مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور کرنے کے بجائے ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو ہر شکایت پر ہونے والی عملی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے تاکہ عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شکایات کے ازالے میں غفلت، لاپرواہی یا غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے والے افسران کے خلاف قانون اور قواعد کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت صرف ایک انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت کی بنیادی ترجیح ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو جوابدہی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔