غیروابستہ ممالک تحریک کا وزارتی اجلاس، مشرق وسطیٰ میں امن کیلئےپاکستان کے کردار کو سراہا گیا
اشاعت کی تاریخ: 18th, October 2025 GMT
اسلام آباد:
غیروابستہ ممالک کی تحریک کے 19 ویں وسط مدتی وزارتی اجلاس میں پاکستان کے مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام کے لیے ادا کیے گئے کردار کو سراہا گیا اور غیر ملکی قبضے کے تحت رہنے والی اقوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے غیر وابستہ ممالک کی تحریک کے 19ویں وسط مدتی وزارتی اجلاس میں شرکت کی جو 15 اور 16 اکتوبر 2025 کو یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں منعقد ہوا اور اس کا موضوع "مشترکہ عالمی خوش حالی کے لیے تعاون کو فروغ دینا" تھا۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ اجلاس سے قبل 13 اور 14 اکتوبر کو سینئر حکام کا اجلاس بھی منعقد ہوا، پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے اسپیشل سیکریٹری (اقوام متحدہ) نبیل منیر نے کی اور انہوں نے وزارتی اجلاس کے عمومی اجلاس میں پاکستان کا قومی بیان پیش کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ موجودہ عالمی چیلنجز کے دوران امن و ترقی کے فروغ کے لیے غیر وابستہ تحریک کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا، جموں و کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ تنازعات کے حل کی ضرورت پر زور دیا گیا اور موسمیاتی بحران کے اثرات سے نمٹنے میں ترقی پذیر ممالک کی مشکلات کو نمایاں کیا۔
نبیل منیر نے غیر وابستہ تحریک کے اس اصولی مؤقف کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا کہ غیر ملکی قبضے کے تحت رہنے والی اقوام کو اپنے حق خود ارادیت کا حق حاصل ہے اور انہوں نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان اور جنوبی ایشیا میں جنگی بیانات کی مذمت کی۔
ترجمان نے بتایا کہ اجلاس کے موقع پر اسپیشل سیکریٹری نبیل منیر نے یوگنڈا کے وزیر خارجہ اودونگو جے جے ابو بکر سمیت متعدد رکن ممالک کے رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔
دفترخارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ کمپالا ڈیکلریشن اور ایک جامع اعلامیے کی منظوری کے ساتھ ہوا جس میں مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: وزارتی اجلاس کردار کو کے لیے
پڑھیں:
ایران ناوابستہ تحریک کیساتھ اقتصادی تعاون مضبوط بنانے میں پر عزم ہے، سید عباس عراقچی
ناوابستہ تحریک کے رکن ممالک کیساتھ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے سے متعلق ایران کے عزم پر زور دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے یوگنڈا کے تاجروں کو دعوت دی کہ وہ بھی اپنے دورہ ایران کے دوران ایرانی کمپنیوں کیساتھ تجارتی مواقع تلاش کریں اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کہ جو ناوابستہ تحریک (NAM) کے 19ویں عبوری اجلاس میں شرکت کے لئے کمپالا میں موجود ہیں، نے بی بی ای جی یوگنڈا (BBEG UGANDA) نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیا ہے۔ ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق اپنی گفتگو میں سید عباس عراقچی نے ناوابستہ تحریک کے رکن ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے ایران کے عزم کی جانب ایک بار پھر اشارہ کیا اور باہمی تجارت و پیشرفت میں ترقی پر مبنی ایرانی اقتصادی صلاحیت پر زور دیا۔
ناوابستہ تحریک کے 19ویں وزارتی اجلاس کی افتتاحی تقریب میں یوگنڈا کے صدر یوویری موسیوینی کی جانب سے جاری ہونے والے ریمارکس کا جواب دیتے ہوئے، سید عباس عراقچی نے رکن ممالک کی جانب سے اقتصادی سفارتکاری کو ترجیح دیئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی اور جنوبی ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کی روز افزوں ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے اتحاد کے اندر موثر سفارتکاری اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لئے ناوابستہ تحریک کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی اتحاد و شراکت کا خیرمقدم کرتے ہیں اور یہ یکجہتی ہمارے تمام شراکتداروں کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے باہمی اقتصادی خوشحالی کی جانب صدر موسیوینی کی خصوصی توجہ کو سراہتے ہوئے اسے رکن ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی مضبوطی میں کلیدی عنصر بھی قرار دیا۔
سید عباس عراقچی نے تاکید کی کہ ایران تمام چیلنجوں سے نپٹنے، تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھانے نیز تیل و گیس جیسے تقابلی فوائد کے حامل شعبوں میں مہارت کے اشتراک کے لئے ناوابستہ تحریک کے اراکین کے ساتھ تعاون کی اعلی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے امریکہ و یورپی یونین کی جانب سے ایران کے خلاف عائد "غیر منصفانہ پابندیوں" پر بھی تشویش کا اظہار کیا جو اُن کے بقول دوسرے ممالک کے ساتھ تعاون کو محدود بنا رہی ہیں۔ انہوں نے یوگنڈا کے تاجروں کو ایران کا دورہ کرنے اور ایرانی کمپنیوں کے ساتھ تجارتی مواقع کی تلاش کی دعوت بھی دی اور یوگنڈا میں مشغول ایرانی کمپنیوں کی خدمات کو سرایتے ہوئے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو قابل قدر قرار دیا۔