دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور دوسرے نمبر پر آگیا
اشاعت کی تاریخ: 20th, October 2025 GMT
لاہور:
فضائی آلودگی کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا۔
عالمی ماحولیاتی نگرانی کے ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق اتوار کے روز لاہور میں فضائی معیار کی شرح (اے کیو آئی) 209 ریکارڈ کی گئی جب کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 218 اے کیو آئی کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔
ادارہ تحفظِ ماحولیات پنجاب کے مطابق مشرقی سمت سے آنے والی ہواؤں کے باعث شہر میں آلودگی کی شدت بڑھ رہی ہے۔ اتوار کے روز لاہور میں فضائی معیار کی اوسط شرح 195 سے 210 کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جو انتہائی خراب درجہ شمار ہوتا ہے۔
بھارت میں دیوالی کی تقریبات میں آتش بازی کے باعث آئندہ چند روز تک لاہور کی فضائی آلودگی مزید بڑھنے کا امکان بھی ہے، ماہرین کے مطابق اس سطح کی آلودگی عام شہریوں کی صحت کے لیے خطرناک ہے، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کی رفتار ایک سے نو کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے جبکہ دوپہر کے وقت معمولی ہوا چلنے سے فضائی معیار میں عارضی بہتری متوقع ہے۔ دوپہر 12 سے شام 5 بجے تک اے کیو آئی 150 تک گر سکتا ہے، تاہم شام کے اوقات میں دوبارہ 165 سے 200 کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
فضائی آلودگی کے پیش نظر حکومت پنجاب نے لاہور میں انسدادِ سموگ اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ماحولیاتی تحفظ فورس، پولیس، واسا اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر اینٹی اسموگ آپریشن میں مصروف ہیں۔
شہر کے داخلی راستوں پر دھواں چھوڑنے والی اور اوورلوڈڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی جاری ہے، جبکہ بغیر ترپال تعمیراتی سامان لانے والی ٹرالیاں اور ٹرک بند کیے جا رہے ہیں۔
تعمیراتی مقامات پر گردوغبار کم کرنے کے لیے رات کے اوقات میں واٹر سپرنکلنگ آپریشن جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے تمام اداروں کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے اور عوامی آگاہی مہم مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دی ہے۔
دوسری جانب فصلوں کی باقیات نہ جلانے کی مہم بھی تیزی سے جاری ہے۔ پنجاب بھر میں 91 بیلر اور 814 کبوٹا مشینوں کے ذریعے لاکھوں ایکڑ اراضی سے فصل کی باقیات کو چارے کی گانٹھوں کی صورت میں جمع کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام فضائی آلودگی میں کمی اور سموگ کے تدارک کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان فضائی آلودگی کے مطابق کا امکان
پڑھیں:
رواں برس گوگل پر سب سے زیادہ کن شخصیات کو سرچ کیا گیا؟ فہرست جاری
سال 2025 کا آخری مہینہ بھی تیزی سے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے لیکن انٹرنیٹ کی دنیا میں اس کی دھڑکنیں اب بھی محسوس کی جا سکتی ہیں۔
رواں برس کے لیے گوگل کی ٹرینڈنگ فہرست نے یہ بتا دیا کہ اس سال دنیا کن لوگوں کے پیچھے بھاگتی رہی، کس کے بارے میں جاننا چاہتی تھی، اور کس کی زندگی کے کن گوشوں نے عوام کو اپنی جانب کھینچا۔
ان سب میں دلچسپ بات یہ رہی کہ 2025 میں زیادہ تر لوگوں نے صرف فلمی ستاروں کو نہیں بلکہ تنازعات، حیرتوں، سانحات اور سیاست کی بے رحمی کو بھی سرچ کیا۔
سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات درج زیل ہیں
1- گلوکار ڈیوڈ انتھونی برک
امریکی گلوکار ڈیوڈ انتھونی برک (D4vd) کے لیے 2025 ایسا سال تھا جسے وہ ضرور بھولنا چاہیں گے لیکن دنیا نے انھیں یاد رکھا کافی زیادہ یاد رکھا۔
اس سال مداحوں نے ان کے گانوں کی وجہ سے نہیں بلکہ ایک ایسے حادثے کی وجہ سے سرچ کیا جو ان کے کیریئر پر ایک داغ بن کر رہ گیا ہے۔
یہ ستمبر 2025 کی بات ہے جب گلوکار کی گاڑی سے ایک کم عمر لڑکی سیلیسٹ ریواس ہرنینڈیز کی لاش برآمد ہوئی تھی۔
یہ وہ لحہ تھا جو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گیا۔ سوالات، قیاس آرائیاں اور بحث و مباحثے نے اسے مزید ہوا دی۔
اس واقعے کے بعد سے دنیا بھر میں امریکی گلوکار کو گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا جانے لگا جو تاحال جاری ہے۔
یہی غیر یقینی صورتحال انھیں سال 2025 کا سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا انسان بنا گئی۔
2۔ کینڈرک لامار
موسیقی کی دنیا میں ہر سال کئی گانے آتے ہیں لیکن Not Like Us نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔
کینڈرک لامار نے یہ صرف گانا ہی نہیں دیا بلکہ دنیا بھر میں ثقافتی رنگ بکھیر دیئے تھے۔ دیکھتے ہی دیکھتے ویڈیوز نے سب گانوں کو مات کردیا۔
اس گانے کی مقبولیت نے 2025 میں گوگل سرچ لسٹ میں کینڈرک لامار کو دوسرے نمبر پر پہنچا دیا۔
3۔ جمی کیمل
ٹی وی میزبان جمی کیمل اس وقت سب سے زیادہ سرچ کیے گئے جب ایک سیاسی تبصرے نے ان کے شو کا مستقبل ہلا دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی اتحادی چارلی کرک کے بارے میں متنازع جملہ اُنہیں عارضی طور پر اسکرین سے غائب کر گیا۔
لیکن گوگل کے سرچ باکس میں وہ مسلسل موجود رہے۔
4۔ ٹائلر روبنسن
چارلی کرک کے قتل کے الزام میں گرفتار ٹائلر روبنسن کا نام ایسے وقت منظر پر آیا جب دنیا پہلے ہی سیاسی انتشار اور جنگ و جدل کا شکار تھی۔
لوگ قاتل کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننا چاہتے تھے کہ وہ کون ہے، کہاں سے آیا اور قتل کرنے کا سبب کیا تھا۔
اسی تجسس نے انہیں گوگل سرچ میں چوتھے نمبر تک پہنچا دیا۔
5۔ پوپ لیو XIV — مذہب، سیاست اور عالمی قیادت
2025 مذہبی بیانیے کے لیے غیر معمولی سال رہا۔ کیتھولک چرچ کے نئے روحانی پیشوا کا انتخاب ہوا۔ پوپ لیو XIV نے کئی عالمی معاملات پر جرات مندانہ پوزیشن لینے کے باعث مقبول ہوگئے۔
ان کے بیانات نے نہ صرف مذہبی دنیا بلکہ سیاسی حلقوں میں بھی ہلچل مچا دی چنانچہ وہ گوگل پر مستقلاً ٹرینڈ کرتے رہے۔
دنیا بھر کے سرچ باکس میں جھانکیں تو مزید کیا نظر آتا ہے؟
گوگل کی سرچ فہرست میں باقی نام بھی دنیا کے بدلتے مزاج کی عکاسی کرتے ہیں۔ جن میں کھیلوں کی دنیا کا چہیتا شیڈور سینڈرز، جہانِ فیشن سے بیانکا سینسوری، نیویارک کے مسلم میئر زہران ممدانی، ماحولیات کی کارکن گریٹا تھنبرگ اور جاپان کی نئی وزیراعظم سانائے تاکائچی شامل ہیں۔
گوگل کی فہرست 2025 یہ بتاتی ہے کہ اس سال دنیا کے باسیوں کے ذہنوں میں سب سے زیادہ کیا تھا یہی وجہ ہے کہ گوگل صرف ایک سرچ انجن نہیں رہا۔
اس کے سالانہ رجحانات ہماری دنیا کے بدلتے جذبات، خوف، دلچسپیوں اور خبروں کا آئینہ بن جاتے ہیں۔
2025 کا یہ آئینہ ہمیں بتا رہا ہے کہ دنیا پہلے سے زیادہ بے چینی، تجسس اور غیر یقینی کے ساتھ جڑ چکی ہے کیونکہ اب ایک خبر سے زیادہ ایک شخصیت پوری دنیا کی توجہ بدل سکتی ہے۔