سعدرضوی کے گھر سے سونا ‘ بے نامی جائیدادوں کے ثبوت برآمد‘ 95بنک اکائونٹس منجمد
اشاعت کی تاریخ: 22nd, October 2025 GMT
لاہور (نیوز رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا کہ ٹی ایل پی کی قیادت اپنے کارکنوں کو پولیس پر حملوں کے لیے اکساتی رہی، جبکہ اسلحے کے زور پر پولیس کی گاڑیاں چھیننے جیسے واقعات پیش آئے جنہیں کسی طور برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنگے فساد کو اسلام اور فلسطین کے نام پر جواز دینا نہ صرف گمراہ کن بلکہ مذہب کے تقدس کے ساتھ کھلواڑ ہے۔ عظمٰی بخاری نے انکشاف کیا ٹی ایل پی کے احتجاج میں جھوٹی لاشوں کا پروپیگنڈا کیا گیا تاکہ عوامی ہمدردی حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست نے ٹی ایل پی سے متعلق جو فیصلے کیے ہیں، ان پر مکمل طور پر عملدرآمد جاری ہے اور وفاق ایک دو دن میں ٹی ایل پی کے متعلق بھیجی سمری پر فیصلہ کرے گا۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو کسی بھی فساد یا انتشار کا ایندھن بننے سے روکیں۔ ایسے نوجوان جو تشدد یا تخریب کاری میں ملوث پائے گئے، انہیں کسی ادارے میں داخلہ، ویزا یا حکومتی سہولت نہیں دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات نے انکشاف کیا کہ سعد رضوی کے گھر سے سونا، نایاب گھڑیاں، قیمتی اشیاء اور بے نامی جائیدادوں کے ثبوت برآمد ہوئے ہیں، جبکہ ان کے پچانوے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں۔ ٹی ایل پی کو مالی یا سیاسی سہولت دینے والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کیے جائیں گے۔ مساجد و مدارس کا نظم و نسق محکمہ اوقاف کے زیرِانتظام لایا جا رہا ہے تاکہ کسی گروہ کو مذہب کے نام پر عوام کو بھڑکانے کا موقع نہ ملے۔ ٹی ایل پی کی ایک سو تیس مساجد حکومتی تحویل میں لی جا چکی ہیں، اور دو سو تئیس مدارس کی جیوٹیگنگ مکمل ہو چکی ہے۔ بابا جی کی قبر کو کہیں منتقل نہیں کیا جا رہا، البتہ ان کے نام پر چندہ اکٹھا کرنے یا اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا وزیراعلیٰ پنجاب کے وعدوں کی تکمیل تیزی سے جاری ہے۔ پندرہ اضلاع میں سیلاب متاثرین کو مالی امداد کے چیکس کی تقسیم شروع ہو چکی ہے، جبکہ عوامی سہولت کے لیے تینتیس موبائل پولیس سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سونا سستا ہوگیا؛ عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت آج بھی کم
کراچی(نیوز ڈیسک)عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت آج بھی کم ہو گئی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں آج 17 ڈالر کی کمی ریکارڈ ہوئی، جس کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت 4 ہزار 235 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی۔
اسی طرح کاروباری ہفتے کے پہلے ہی دن عالمی مارکیٹ کے زیر اثر مقامی صرافہ بازاروں میں 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار 400 روپے کی کمی ہونے سے نئی قیمت 4 لاکھ 44 ہزار 900 روپے فی تولہ ہو گئی۔
مقامی سطح پر فی 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک ہزار 200 روپے کی کمی واقع ہوئی، جس سے نئی قیمت 3 لاکھ 81 ہزار 430 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز بھی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی واقع ہوئی تھی اور سونا اچانک 106 ڈالر فی اونس کم ہوکر 4252 ڈالر کی سطح پر آ گیا تھا، جس کے نتیجے میں ملکی سطح پر سونا 10 ہزار 600 روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 46 ہزار 300 روپے فی تولہ پر پہنچ گیا تھا۔
سونے کی قیمت میں اس بڑی کمی سے ایک روز قبل جمعہ کے روزتاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ریکارڈ ہوا تھا، جس کے مطابق سونا عالمی مارکیٹ میں 141 ڈالر کے اضافے سے 4358 ڈالر فی اونس اور مقامی مارکیٹوں میں 14 ہزار 100 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 56 ہزار 900 روپے فی تولہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا تھا۔