دہلی میں آلودگی پر قابو پانے میں ناکامی، مودی حکومت کا پانی چھڑکاؤ فراڈ بے نقاب
اشاعت کی تاریخ: 27th, October 2025 GMT
دہلی کی فضا خطرناک حد تک آلودہ ہونے کے باوجود بھارتی حکومت کی جانب سے عوام کو گمراہ کرنے کی ایک نئی چال سامنے آئی ہے۔
دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق دہلی کے آنند وہار آلودگی مانیٹرنگ اسٹیشن کے اردگرد میونسپل کارپوریشن کے ٹینکرز دن رات پانی کا چھڑکاؤ کر رہے ہیں تاکہ فضائی آلودگی کے اصل اعداد و شمار کو کم دکھایا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق صرف 30 میٹر کے علاقے میں درجنوں ٹرک مسلسل پانی کا چھڑکاؤ کر رہے ہیں تاکہ مانیٹرنگ سینسرز کے قریب موجود گرد و غبار کم ہو اور ڈیٹا میں آلودگی کی شرح مصنوعی طور پر کم ظاہر ہو۔
دہلی کی عام آدمی پارٹی کے صدر سوربھ بھردواج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں پانی چھڑکاؤ کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا، "یہ مودی حکومت کا آلودگی کنٹرول نہیں بلکہ ڈیٹا مینجمنٹ کی مثال ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "بی جے پی حکومت ہر معاملے میں دھوکہ دہی کرتی ہے، آلودگی کے معاملے میں بھی عوام سے جھوٹ بولا جا رہا ہے۔"
عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما منیش سسوڈیا نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا، "ہوا کو آلودہ کریں، اعداد و شمار کو کم کریں، پانی سے سچائی چھپائیں — یہی بی جے پی کا آلودگی کنٹرول ماڈل ہے۔"
دوسری جانب مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے ڈیٹا سے انکشاف ہوا ہے کہ جب سہ پہر میں پانی چھڑکنے کا عمل کم کیا گیا تو آلودگی کی سطح 54 فیصد تک بڑھ گئی۔
ماہرین کے مطابق دہلی کی ہوا اب بھی "خطرناک" زمرے میں ہے، لیکن حکومت مصنوعی صفائی کے ذریعے اصل صورتحال کو چھپانے میں مصروف ہے۔
مودی حکومت پر الزام ہے کہ وہ آلودگی سے نمٹنے کے بجائے "فراڈ ڈیٹا پالیسی" کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی کارکردگی بہتر دکھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاکستان کو شدید آبی بحران کا سامنا، 80 فیصد آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم، رپورٹ
اسلام آباد:ایشیائی ترقیاتی بینک اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کو شدید آبی بحران کا سامنا اور 80 فیصد آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے،زیر زمین پانی کے بے دریغ استعمال سے زہریلا آرسینک پھیل رہا ہے اور پانی کی فی کس دستیابی 3500 سے کم ہو کر 1100 مکعب میٹر رہ گئی۔
ایشین واٹر ڈیولپمنٹ آؤٹ لک رپورٹ 2025 میں بینک نے کہا کہ بڑھتی آبادی، ماحولیاتی تبدیلی اور ناقص مینجمنٹ سے پانی کا بحران بڑھ رہا، واٹر سیکیورٹی کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں، پاکستان میں پالیسیاں مضبوط مگر عملدرآمد کمزور ہے۔
رپورٹ کے مطابق زرعی شعبہ سب سے زیادہ پانی ضائع کر رہا، آبی ذخائر کی بہتری کیلیے موجودہ سرمایہ کاری ناکافی، آئندہ عشرہ میں 10 سے 12 ٹریلین روپے درکار ہیں، جبکہ پائیدار ترقی کے اہداف پورنے کرنے کیلئے سالانہ 12 ارب ڈالر درکار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اربن فلڈنگ اورگندے پانی کا اخراج بڑے چیلنج ہیں، شہری انفرا اسٹرکچر کمزور اور گندا پانی بغیر ٹریٹمنٹ خارج ہوتا ہے، صنعتی شعبہ زیرزمین پانی پر انحصار کرتا ہے۔
پانی ذخیرہ کرنے کی ناکافی صلاحیت کے باعث دریاؤں اور ویٹ لینڈز پر دباؤ ہے، پاکستان کاواٹر سکیورٹی سکور 2013 سے2025 کے دوران 6.4 پوائنٹس بہتر ہوا، آبی شعبہ میں ٹیکنیکل صلاحیت اور کوآرڈنیشن کمزور ہے۔
رپورٹ میں پانی کے معیار کی نگرانی کیلئے آزاد اتھارٹی کی سفارش اور خبردار کیا گیا ہے کہ طرز حکمرانی بہتر نہ ہوئی تو ترقی غیر مساوی رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق ایشیا میں واٹر سکیورٹی کیلئے 250 ارب ڈالر درکار ہیں، ایشیا دنیا کے41 فیصد سیلابوں کا مرکز ہے، پانی و صفائی کے منصوبوں پر اخراجات ضرورت کا 40 فیصد، سالانہ 150 ارب ڈالر فنڈنگ کا خلا واٹر سکیورٹی کیلئے خطرہ ہے، 2040 تک ایشیا میں پانی کے نظام کیلئے40 کھرب ڈالر درکار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دنیا خوراک کے سنگین بحران کے دہانے پر ہے، 2050 تک عالمی آبادی10ارب اور خوراک کی طلب میں 50 فیصد اضافہ متوقع ہے، اسے پورا کرنے کیلئے موسمیاتی تبدیلیوں اور پانی کی قلت پر قابو پانے کیساتھ زرعی نظام کی مکمل تبدیلی ناگزیر ہے، ماضی میں سبز انقلاب نے دنیا کو قحط سے بچایا مگر سنگین ماحولیاتی اثرات مرتب کئے۔