اسلام آباد کچہری میں خودکش دھماکے کے بعد جوڈیشل کمپلیکس کھل گیا، سخت سکیورٹی انتظامات
اشاعت کی تاریخ: 13th, November 2025 GMT
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ضلع کچہری میں خودکش دھماکے کے بعد فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کو آج دوبارہ کھول دیا گیا، جہاں معمول کی عدالتی کارروائیاں بحال ہو گئیں، تاہم خوف و تشویش کی فضا برقرار ہے۔
دھماکے کے افسوس ناک واقعے کے بعد وکلا، کلرکس اور سائلین بڑی تعداد میں کچہری پہنچے، جہاں سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عدالت کے اندر اور باہر غیرمعمولی حفاظتی انتظامات کیے ہیں اور داخلے کے تمام راستوں پر پولیس، رینجرز اور سیکورٹی اہلکار تعینات ہیں۔
وکلا کے کلرکس کو صرف اپنے آفیشل کارڈ دکھانے کے بعد اندر آنے کی اجازت دی جارہی ہے جب کہ عام سائلین کو مکمل تلاشی، اندراج اور شناخت کے عمل سے گزرنے کے بعد ہی داخلے کی اجازت مل رہی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات آئندہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے ناگزیر ہیں۔
سیکورٹی اداروں نے جائے وقوع سے تمام تر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور تفتیشی ٹیمیں واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دھماکے کے مقام سے حاصل کردہ مواد فرانزک ماہرین کے حوالے کردیا گیا ہے تاکہ خودکش حملہ آور کی شناخت اور حملے کی نوعیت کے بارے میں مزید حقائق سامنے آسکیں۔
اُدھر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے سانحے کے خلاف دو روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ وکلا نے 13 اور 14 نومبر کو عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے باعث عدالتی کارروائی معطل رہے گی۔ وکلا کا کہنا ہے کہ اس افسوسناک واقعے نے عدلیہ کے ماحول کو شدید متاثر کیا ہے اور حکومت کو کچہریوں میں سیکورٹی کے لیے جامع حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔
دھماکے کے اثرات کی وجہ سے فیملی کورٹس کے ڈے کیئر سنٹر کو تاحکمِ ثانی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ضلعی عدالت کے ملازمین اور وہاں آنے والے والدین کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل دھماکے کے کے بعد
پڑھیں:
سردار عبدالرحیم کی اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس کے قریب ہونے والے خودکش حملے کی مذمت
اپنے بیان میں سیکرٹری اطلاعات جی ڈی اے نے کہا کہ حملہ کرنے والے کسی مذہب یا انسانیت سے تعلق نہیں رکھتے، ایسے عناصر صرف ملک کے دشمن لیکن وہ قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، جوڈیشل کمپلیکس کے قریب دھماکے میں 12 پاکستانی شہریوں کی شہادت انتہائی افسوسناک سانحہ ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) سندھ کے جنرل سیکریٹری اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس کے قریب ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سردار عبدالرحیم نے اپنے بیان میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی ہر کارروائی ملک کے امن و استحکام کو کمزور کرنے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی مذموم سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملہ کرنے والے کسی مذہب یا انسانیت سے تعلق نہیں رکھتے، ایسے عناصر صرف ملک کے دشمن لیکن وہ قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس کے قریب دھماکے میں 12 پاکستانی شہریوں کی شہادت انتہائی افسوسناک سانحہ ہے۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ عطا فرمائے۔ سردار عبدالرحیم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اور مثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ملک میں پائیدار امن قائم ہوسکے۔