ایپل کا نیا اسکینڈل؟ مہنگے ترین آئی فون کا رنگ اتر گیا
اشاعت کی تاریخ: 21st, November 2025 GMT
سوشل میڈیا پر چند روز سے ایک دعویٰ گردش کررہا ہے، جس میں ایک صارف نے شکایت کی ہے کہ اس کے آئی فون 17 پرو میکس (کاسمک اورنج) کا رنگ صرف چند سستے ویٹ وائپس سے صاف کرنے پر ختم ہوگیا۔
یعنی ایک ہزار ڈالر سے زیادہ قیمت کا فون پینٹ شدہ کھلونے کی طرح رنگ چھوڑنے لگا۔ وائرل تصاویر میں نارنجی اسٹرِیک ٹشو پر واضح نظر آرہی تھیں جبکہ فون کی باڈی پر مدھم دھبے پڑچکے تھے۔
View this post on Instagramاس پوسٹ کے وائرل ہوتے ہی صارفین کے درمیان بحث چھڑ گئی کہ کیا یہ کمپنی کی غلطی ہے؟ یا صفائی کا بے احتیاط طریقہ؟ یا پھر کاسمک اورنج رنگ واقعی اتنا ناقص ہے کہ غلط وائپ لگتے ہی پانی کے رنگوں کی طرح بہہ جاتا ہے؟
کچھ صارفین نے اسے مذاق میں ’بجٹ اسپرے پینٹ ایڈیشن‘ کہا، جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ شاید ایپل کو فون کے ڈبے پر لکھنا چاہیے ’’ہوا کے علاوہ کسی چیز سے صاف نہ کریں!‘‘
اصل حقیقت کیا ہے؟
ایپل نے اس وائرل کیس پر کوئی باضابطہ بیان تو جاری نہیں کیا، مگر دستیاب ڈیٹا اور ماہرین کی معلومات میں کچھ اہم نکات سامنے آئے ہیں۔
Cosmic Orange رنگ واقعی اترتا ہے؟
رنگ ’’سرکاری طور پر‘‘ تو اتر نہیں رہا، لیکن کئی صارفین نے ہاتھوں کی صفائی کے دوران رنگ کے گلابی پڑنے یا مدہم ہونے کی شکایت ضرور کی ہے۔ اور اس کی وجوہات میں شامل ہیں:
1۔ کیمیکلز کا اثر
کاسمک اورنج ایک آئینوڈائزڈ المونیم فِنش ہے، جو چند کیمیکلز کے ساتھ ردِعمل کرتی ہے۔ خصوصاً: ہائیڈروجن پرآکسائیڈ، بلیچ، اور کیمیکل والے گیلے وائپس۔ یہ چیزیں فِنش کا رنگ بدل کر گلابی کردیتی ہیں یا سطح کو خراب کردیتی ہیں۔
2۔ سخت گیلے وائپس کا استعمال
کچھ ویٹ وائپس میں ایسے سالوینٹس ہوتے ہیں جو آئینوڈائزڈ تہہ کو اتار دیتے ہیں۔ اس وائرل کیس میں بھی یہی بنیادی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
3۔ سورج کی روشنی (UV Exposure)
کچھ صارفین نے بتایا ہے کہ مستقل دھوپ میں رہنے سے رنگ مدہم پڑ سکتا ہے، خاص طور پر گرم علاقوں میں۔
4۔ فزیکل ڈیمیج / رگڑ
یوٹیوب پر موجود ایک ٹیک ریویو کے مطابق، کیمرہ ماڈیول کے کنارے تیز ہیں۔ رگڑ یا ہارڈ کیس کے دباؤ سے آئینوڈائزڈ تہہ چھٹ سکتی ہے۔
تو کیا یہ وائرل پوسٹ 100 فیصد سچ ہے؟
حتمی طور پر نہیں کہہ سکتے۔ کیونکہ رنگ اُترنے جیسے واقعات درست رپورٹ ہوئے ہیں مگر یہ زیادہ تر غلط صفائی یا غلط کیمیکل کے باعث ہوتے ہیں۔ ایپل کی فیکٹری فِنش عام حالات میں خودبخود نہیں اترتی۔
یعنی دعویٰ ممکن ضرور ہے مگر اسے ’’ڈیزائن کی بڑی ناکامی‘‘ کہنا ابھی قبل از وقت ہے۔
رنگ بچانے کے لیے کیا کریں؟
یہ کہنا درست نہیں کہ iPhone 17 Pro Max Cosmic Orange کا رنگ ہر حالت میں اتر ہی جاتا ہے۔ مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ آئینوڈائزڈ رنگ کی یہ فِنش عام کے مقابلے میں زیادہ حساس ہے اور غلط وائپس یا سخت کیمیکلز اسے نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ا ئینوڈائزڈ کا رنگ
پڑھیں:
ٹرمپ مشکل میں؟ بدنام زمانہ جنسی اسکینڈل کی دستاویز عام کرنے کا بل منظور
امریکی ایوان نمائندگان نے بدنام زمانہ جیفری ایپسٹن جنسی اسکینڈل سے متعلق خفیہ دستاویز کو منظرعام پر لانے کا بل منظور کرلیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان میں بل کی منظوری کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں 427 نے حق میں جب کہ صرف ایک نے مخالفت میں ووٹ دیا۔
مخالفت کرنے والے واحد رکن اسمبلی ٹرمپ کی جماعت ریپبلکن کے کلے ہیگن تھے چنانچہ بل کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
جس کے بعد بل Epstein Files Transparency Act کو سینیٹ بھیج دیا گیا تھا جہاں اکثریت ارکان نے اسے بغیر کسی ترمیم کے منظور کرلیا۔
اب یہ بل صدر ٹرمپ کی توثیق کے لیے وائٹ ہاؤس بھیج دیا گیا ہے جن کے دستخط کے بعد یہ قانون بن جائے گا اور فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
یہ بل امریکا کے محکمۂ انصاف پر زور دیتا ہے کہ وہ جیفری ایپسٹن کے جنسی اسکینڈل سے متعلق اپنی تمام غیر طباعتی فائلز عوام کے لیے جاری کرے۔
خیال رہے کہ ابتدائی طور پر صدر ٹرمپ اور ان کے بعض اتحادی اس بل کے خلاف تھے مگر وقت کے ساتھ انھوں نے بھی حمایت کا اشارہ دیا۔
گزشتہ کئی دنوں سے ٹرمپ یہ مؤقف اختیار کیے ہوئے تھے کہ یہ قرارداد اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹس کی طرف سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش ہے۔
تاہم اب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ کیا ہے کہ بل ان کی میز پر پہنچتے ہی وہ اسے قانون کی شکل دیں گے۔
اگر یہ بل قانون بن گیا تو امریکی محکمۂ انصاف کو 30 دن کے اندر جیفری ایپسٹن جنسی اسکینڈل کی تمام غیر طباعت شدہ ریکارڈز، مواصلات، اور تفتیشی مواد جاری کرنا ہوں گے۔
امریکی صدر کے مخالفین نے بعض رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جیفری ایپسٹن جنسی اسکینڈل میں ڈونلڈ ٹرمپ کا نام بھی شامل ہے۔
ان غیر مصدقہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی صدر نے بھی لڑکیوں کے حصول کے لیے جیفری ایپسٹن اور ان کی ساتھی سے رابطے رکھے تھے۔