ایف سی ہیڈکوارٹر حملے کی مکمل سی سی ٹی وی فوٹیج تیار، حملہ آور دھماکے سے قبل کیا کرتا رہا؟
اشاعت کی تاریخ: 26th, November 2025 GMT
پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر ہونے والے حالیہ حملے کی مکمل سی سی ٹی وی فوٹیج تیار کرلی گئی ہے۔ مختلف کیمروں سے حاصل کی گئی فوٹیج میں حملہ آوروں کی ہر حرکت کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج میں دیکھا گیا کہ تینوں حملہ آور ایک ہی موٹرسائیکل پر سوار ہوکر ہیڈکوارٹر کی طرف راستے میں الٹی سمت سے آئے۔ ہیڈکوارٹر کے قریب پہنچ کر انہوں نے دکان کے پاس موٹرسائیکل کھڑی کی۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور ایف سی ہیڈکوارٹر پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، تینوں خودکش حملہ آور ہلاک، 3 اہلکار شہید
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق پہلے خودکش حملہ آور ہیڈکوارٹر کے باہر کافی دیر انتظار کرتا رہا۔ فوٹیج میں ایک حملہ آور کو ٹوپی پہنے اور چادر میں بار بار چہرہ چھپاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ بعد ازاں حملہ آور کچھ فاصلہ پیدل بھی آیا، اور اس کے قریب طلبا اور گاڑیاں گزرتی رہیں۔
حملہ آور نے پہلے گیٹ پر دھماکا کیا، جس کے دھوئیں میں 2 دیگر حملہ آور اندر داخل ہوئے۔ اندر داخل ہونے کے بعد بکتربند گاڑی نے ان کا راستہ روک دیا، جس کی وجہ سے حملہ آور پارکنگ ایریا میں چلے گئے۔ فوٹیج میں حملہ آوروں کو پارکنگ سے باہر نکلنے کی متعدد کوشش کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی، پارکنگ میں ہونے والے دھماکے کا منظر بھی فوٹیج میں واضح ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ: پولیس کو سہولت کاروں کی تلاش، کیا حملہ آور افغان تھے؟
حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تحقیقات میں اہم پیش رفت متوقع ہے اور حملہ آوروں کی شناخت اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں تک پہنچنے میں آسانی ہوگی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ایف سی ہیڈکوارٹر خودکش دھماکا دہشتگردی.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: ایف سی ہیڈکوارٹر خودکش دھماکا دہشتگردی سی سی ٹی وی فوٹیج ایف سی ہیڈکوارٹر فوٹیج میں حملہ آور
پڑھیں:
پشاور؛ ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملہ، آپریشن جاری
پشاور:خیبر پختونخوا کے دارالحکومت میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملہ کیا گیا ہے، جس کے بعد آپریشن جاری ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس پی کینٹ نے ابتدائی طور پر بتایا کہ آج صبح ہونے والے دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جب کہ پولیس، ایلیٹ فورس ار آر آر ایف کو طلب کرلیا گیا ہے۔
دریں اثنا ریسکیو ادارے کے اہل کار اور ایمبولینسز جائے وقوع پر پہنچیں، جنہوں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا ہے۔ کینٹ روڈ سمیت ملحقہ علاقوں کے راستوں کو عوام اور ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے ساتھ علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
سی سی پی او میاں سعید کے مطابق ایف سی ہیڈکوارٹر صدر میں حملے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی ہے، جہاں آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں خود آپریشن کو لیڈ کررہا ہوں اور اس وقت فائرنگ جاری ہے۔
دھماکے کے بعد شہر میں بی آر ٹی سروس کو بند کردیا گیا ہے۔