آزاد کشمیر: الیکشن سے قبل سیاسی پنچھیوں کی اڑان، اہم رہنما کا ن لیگ میں شمولیت کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 5th, December 2025 GMT
آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کا موسم قریب آتے ہی سیاسی پنچھیوں نے اڑان بھرنا شروع کردی ہے، پی ٹی آئی فارورڈ بلاک سے تعلق رکھنے والے اہم سیاسی رہنما سردار میر اکبر نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔
سردار میر اکبر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ شرقی باغ سے تعلق رکھتے ہیں، اور انہوں نے 2021 کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما سردار قمرالزمان کو شکست دی تھی۔
مزید پڑھیں: شاہ غلام قادر آزاد کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر، اسپیکر نے منظوری دے دی
سردار میر اکبر نے 2016 کا الیکشن مسلم لیگ ن کے پلیٹ سے لڑا تاہم 2021 کے الیکشن سے قبل پی ٹی آئی کا حصہ بن گئے تھے، اس سے قبل ان کا تعلق آزاد کشمیر کی ریاستی جماعت مسلم کانفرنس سے تھا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے سردار میر اکبر کو پارٹی میں شامل کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے، اور ان کی پارٹی قیادت سے ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر راجا مشتاق منہاس ان کی ن لیگ میں واپسی کے مخالف تھے، تاہم ذرائع کے مطابق انہیں بھی اب منا لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ غلام قادر کی قیادت میں ن لیگی وفد نے سردار میر اکبر خان سے خصوصی ملاقات کی جس میں آئندہ سیاسی منظرنامے اور الیکشن سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں سردار میر اکبر خان نے بتایا کہ وہ اپنے کارکنوں سے مشاورت کے آخری مراحل میں ہیں اور مناسب وقت پر ن لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نظریاتی طور پر وہ میاں نواز شریف کی سوچ کے قریب ہیں اور ان کے مطابق مسلم لیگ ن نے ہمیشہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کو ترجیح دی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر موجودہ ملکی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں۔
حال ہی میں وی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے عندیہ دیا تھا کہ سردار میر اکبر کی مسلم لیگ ن میں واپسی ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: عدالتی اصلاحات، اسپیشل اور سینیئر سیکریٹری کے عہدے ختم، نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور کے اہم اعلانات
ن لیگی ذرائع کے مطابق سردار میر اکبر خان اور ان کے قریبی ساتھیوں کی شمولیت پارٹی کے لیے اہم اضافہ ہوگی اور اس سے خطے کی مجموعی سیاست پر نمایاں اثر مرتب ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں آئندہ عام انتخابات جولائی 2026 میں ہونے کا امکان ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
آزاد کشمیر سردار میر اکبر شاہ غلام قادر شہباز شریف عام انتخابات ن لیگ میں شمولیت نواز شریف.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: سردار میر اکبر شاہ غلام قادر شہباز شریف عام انتخابات ن لیگ میں شمولیت نواز شریف سردار میر اکبر شاہ غلام قادر مسلم لیگ ن ن لیگ میں کے مطابق اور ان
پڑھیں:
مسلم لیگ ن نے سینیٹر عرفان صدیقی کی خالی نشست پر بڑا فیصلہ کر لیا ۔
مسلم لیگ ن نے سینیٹر عرفان صدیقی کی وفات پر خالی نشست عابد شیر علی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع ن لیگ کے مطابق عابد شیر علی کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ نوازشریف کی قیادت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں متفقہ طور پر عابد شیر علی کا نام فائنل کیا گیا۔یاد رہے کہ عرفان صدیقی گزشتہ ماہ اسلام آباد کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔وہ مارچ 2021 میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے۔