اسرائیلی انخلاء کے بغیر غزہ جنگبندی مکمل نہیں ہوگی، قطر
اشاعت کی تاریخ: 6th, December 2025 GMT
اپنی ایک تقریر میں قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت نازک موڑ پر ہیں۔ غزہ کی موجودہ صورتحال کو جنگبندی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اسلام ٹائمز۔ دوحہ میں ہونے والی ایک کانفرنس میں قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے کہا کہ ہم اس وقت نازک موڑ پر ہیں۔ غزہ کی موجودہ صورت حال کو جنگ بندی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ جنگ بندی صرف اور صرف اسرائیل کے مکمل انخلاء و غزہ میں استحکام کے بعد ہی عمل میں آئے گی۔ ابھی تک غزہ میں جنگ بندی کا دوسرا مرحلہ نافذ نہیں ہوا۔ جس میں غزہ کی پٹی سے اسرائیلی فوج کا انخلاء، عبوری کمیٹی کے ذریعے اس پٹی کا انتظام چلانا اور بین الاقوامی امن فورس کی تعیناتی شامل ہے۔ واضح رہے کہ قطری وزیراعظم کے یہ بیانات اس وقت سامنے آئے جب مصر، ترکیہ اور امریکہ کی ثالثی سے غزہ میں 2 ماہ سے جنگ بندی کا معاہدہ قائم ہے۔ تاہم اس معاہدے کے باوجود ابھی تک رفح کراسنگ بند ہے جب کہ بلامشروط انسانی امداد، اس پٹی میں داخلے کے لئے صیہونی اجازت کی منتظر ہے۔
ان خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ قابض فورسز، فلسطینیوں کی املاک کو منظم انداز میں تباہ کر رہی ہیں۔ یاد رہے کہ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی کے پاس قطر کی وزارت خارجہ کا قلمدان بھی ہے۔ دوسری جانب اسی کانفرنس میں ترکیہ کے وزیر خارجہ "حکان فیدان" نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بین الاقوامی امن فورس کی تعیناتی کے لئے مذاکرات جاری ہیں۔ جن میں اس فورس کی کمانڈ اور شریک ممالک کے بارے میں بات چیت کی جا رہی ہے۔ ترکیہ متعدد بار غزہ میں تعینات ہونے والی امن فورس کا حصہ بننے کے لئے اپنی دلچسپی کا اظہار کر چکا ہے، لیکن اسرائیل، انقرہ کی حماس کے ساتھ قربت کی وجہ سے اس دلچسپی کو شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
غزہ، لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی،7افراد شہید، 4عمارتیں تباہ
اسرائیلی فوج نے رفح سمیت مختلف رہائشی علاقوں کی آبادی کو نشانہ بنایا
حماس کے کمانڈر کو مارنے کا دعویٰ، حزب اللہ کے اسلحہ گوداموں پر بمباری
اسرائیل جارحیت سے باز نہ آیا، صیہونی فوج نے غزہ اور لبنان میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 7 افراد شہید اور 4 عمارتیں تباہ کردیں۔ اسرائیلی فوج نے رفح سمیت مختلف رہائشی علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے آبادی کو نشانہ بنایا، ایک روز میں 7 فلسطینی شہید کردیے۔ صیہونی فوج نے ایک بیان میں رفح پر حملوں کے دوران حماس کے کمانڈر کو بھی مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی وزیردفاع نے ہٹ دھرمی سے بیان دیا کہ غزہ میں پوری طاقت کے ساتھ کارروائیاں جاری رہیں گی۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اب تک 360 فلسطینیوں کو شہید کرچکی ہے جبکہ 900 سے زائد افراد زخمی ہوئے، غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک 70 ہزار سے زائد افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ ادھر لبنان میں بھی اسرائیل کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں ہیں، جنوبی لبنان میں اسرائیلی طیاروں نے بمباری کرکے 4 رہائشی عمارتیں تباہ کر دیں۔ اسرائیلی فوج نے حملوں میں حزب اللہ کے اسلحہ گوداموں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔