ورلڈ بنک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ز کا تربیلا ڈیم کا دورہ‘چیئرمین واپڈا کی بریفنگ
اشاعت کی تاریخ: 19th, February 2025 GMT
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) ورلڈ بنک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ز پر مشتمل وفد نے قومی اہمیت کے حامل تربیلا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا‘ جہاں وفد نے مین ڈیم، تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ، اور زیر تعمیر تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر وفد نے ان لٹ(Inlet)، ٹنل اور پاور ہاؤس پر تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) بھی دورے میں وفد کے ہمراہ تھے۔ممبر (فنانس)، ممبر (پاور)، جنرل منیجر (کوآرڈی نیشن اینڈ مانیٹرنگ)واٹر، جنرل منیجر تربیلا ڈیم پراجیکٹ، تربیلا چوتھا توسیعی منصوبے کے چیف انجینئر/ پراجیکٹ ڈائریکٹراور چیف انجینئر (او اینڈ ایم) اور چیف انجینئر‘ پراجیکٹ ڈائریکٹر تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ کے علاوہ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تربیلا ڈیم، تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن اور تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ ورلڈ بنک کی مالی معاونت سے تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ زیر تعمیر تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کیلئے بھی ورلڈ بنک390 ملین امریکی ڈالرز فراہم کررہا ہے۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ ترقی کے سفر میں ورلڈ بنک اور واپڈا گذشتہ 6 دہائیوں سے شراکت دار ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ پانی اور پن بجلی کے منصوبوں کی ترقی کے ذریعے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے ورلڈ بنک کا تعاون حاصل رہے گا۔بریفنگ کے دوران وفد کو بتایا گیا کہ تربیلا ڈیم 1974میں اپنی تکمیل سے اب تک پاکستان کی معاشی اور معاشرتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ تربیلا ڈیم سے زرعی مقاصد کیلئے 411ملین ایکڑ فٹ پانی فراہم کیا جا چکا ہے۔ تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے نیشنل گرڈ کو مجموعی طور پر 597ارب30کروڑ90 لاکھ یونٹ سستی پن بجلی فراہم کی جا چکی ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: توسیعی منصوبے تربیلا ڈیم ورلڈ بنک
پڑھیں:
پنجاب: بارشوں کے دوران 143 شہری جاں بحق، سیکڑوں زخمی
---فائل فوٹوصوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کی جانب سے رواں سال مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی گئی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے ترجمان کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ اور پنجاب کےدریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے باعث تاحال 143 شہری جاں بحق جبکہ 488 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
مالی نقصانات سے متعلق پی ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ بارشوں کے نتیجے میں 200 گھر متاثر اور 121 مویشی ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ سوگوار خاندانوں کی مالی معاونت کی جا رہی ہے اور کسانوں کی فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق منگلا ڈیم میں 53، تربیلا میں 79 فیصد پانی موجود ہے۔
دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، تربیلا اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔