شہباز شریف سے ملاقات، آرمی چیف بھی موجود تھے، پاکستان اور بھارت کشیدگی کم، تنازعات حل کریں: سعودی وزیر
اشاعت کی تاریخ: 10th, May 2025 GMT
اسلام آباد؍ ریاض (خبر نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ آئی این پی) سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر اسلام آباد پہنچ گئے۔ سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے سعودی وزیر مملکت کا استقبال کیا۔ خیال رہے کہ عادل الجبیر نئی دہلی کے دورے کے بعد اسلام آباد پہنچے ہیں۔ عادل الجبیر نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ موجودہ سکیورٹی صورتحال‘ پاکستان بھارت کشیدگی اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور علاقائی امن قائم کرنے کے لیے سعودی حکومت کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی بلا اشتعال اور بلا جواز جارحیت پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس جارحیت سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں جبکہ سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے سعودی عرب کی جانب سے کشیدگی میں کمی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تصفیہ طلب تنازعات کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیاہے ۔ گزشتہ روز وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز السعود کے ساتھ ساتھ ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز السعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہندوستان کے پاکستان کے خلاف میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی جس کی وجہ سے کئی بے گناہ شہری بشمول خواتین اور بچوں کی شہادت ہوئی اور املاک کو نقصان پہنچا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے دفاع وطن میں مثالی حوصلے اور جرات کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور علاقائی امن قائم کرنے کے لیے سعودی حکومت کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ سعودی وزیر مملکت نے پاکستانی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ وزیراعظم کے ساتھ عادل الجبیر کی ملاقات کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپین بارتھ ایدے سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے انہیں پاکستان کے متعدد شہروں پر بھارت کے غیر قانونی اور بلا اشتعال حملوں سے بگڑتی ہوئی علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا جس کے نتیجے میں خواتین، بچوں اور معمر افراد سمیت بے گناہ شہریوں کی شہادت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی ان خلاف ورزیوں جن سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ ہے، پر تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے پرعزم ہے۔ وزیر خارجہ ایسپین بارتھ ایدے نے جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور شہریوں کی المناک جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کو سراہا اور مزید تنازعات سے بچنے کے لئے کشیدگی میں کمی اور سفارت کاری کے حصول کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے ناروے کے سماجی و اقتصادی شعبوں میں پاکستانی تارکین وطن کی مثبت شراکت کا اعتراف کیا۔ دونوں اطراف نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور بدلتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطے میں رہنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار کو آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے جمعہ کو ٹیلی فون کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے انہیں بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کرنے والے بھارت کے غیر قانونی اور بلا اشتعال حملوں کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ مضبوط یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے معصوم جانوں کے ضیاع پر پاکستانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار کو جاپان کے وزیر خارجہ ایوا تاکیشی نے گزشتہ روز ٹیلیفون کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم نے انہیں پاکستان کے متعدد شہروں پر بھارت کے غیر قانونی اور بلا اشتعال حملوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ ہے۔ پاکستان نے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی ان خلاف ورزیوں کے پیش نظر تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔ جاپان کے وزیر خارجہ نے بدلتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور معصوم شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں، خطے میں امن و استحکام کے حصول کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی جائے۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں ایران اور اٹلی کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک رابطے کیے۔ دونوں رہنمائو ں نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیا میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ عباس عراقچی نے پاکستان بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے فریقین کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک صورتحال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکیں۔ دوسری جانب اسحاق ڈار نے اٹلی کے وزیر خارجہ و بین الاقوامی تعاون انتونیو تاجانی سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ اپنے اطالوی ہم منصب کو بھارت کی جانب سے پاکستانی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزیوں سے تفصیل سے آگاہ کیا اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات سے بریف کیا۔ انتونیو تاجانی نے پاکستان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور برطانوی وزیر خارجہ نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ اسحاق ڈار نے بھارت کی بلااشتعال جارحیت سے متعلق برطانوی وزیر کو آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار نے پاکستان کے مختلف شہروں پر بھارتی بلااشتعال حملوں سے آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے عالمی قوانین اور یو این چارٹر کے تحت تحمل کا مظاہرہ کیا۔ بھارتی حملوں میں معصوم خواتین‘ بچے اور بزرگ شہید ہوئے۔ پاکستان نے بین الاقوامی قوانینی‘ یو این چارٹر کی خلاف ورزی پر صبر کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے پرعزم ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے 48 گھنٹے میں دوسری اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی اور سرحدوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کو حالیہ کشیدگی اور پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بھارت کی ڈورنز دہشتگردی کے بارے بھی قائم مقام امریکی سفیر کو بریف کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت نے تمام بین الاقوامی قوانین کو پامال کرکے شہری آبادیوں کو ڈورنز کے ذریعے نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی۔ پاکستان نے موثر کارروائی کر کے درجنوں ڈرونز کو مار گرایا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے کی خطرناک صورتحال کا تمام تر ذمہ دار بھارت ہے، پورا خطہ جنگ کے دہانے پر ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ پاک وطن کی سلامتی پر ہر گز آنچ نہیں آنے دیں گے۔ امریکہ کے پولیٹیکل قونصلر زیک ہارکن رائیڈر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترک ہم منصب کا دوسری بار ٹیلی فونک رابطہ ہوا ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے مساجد اور رہائشی آبادی پر بھارت کے بلا اشتعال حملوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا ترک وزیر خارجہ نے معصوم جانوں کے ضیاع پر افسوس اور پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا۔ادھر ترجمان نے وائٹ ہاؤس کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو پاکستان، بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے کام کر رے ہیں۔ مارکو روبیو دونوں ملکوں کے رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ پاکستان بھارت کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ صد رٹرمپ چاہتے ہیں کہ کشیدگی نہ بڑھے اور یہ تنازعہ جلد ختم ہو، کشیدگی میں کمی آئے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
محمد شہباز شریف سے مارکو روبیو کا رابطہ، جنوبی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال
امریکی وزیر خارجہ سے گفتگو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے حملوں نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی، بھارت نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو شدید خطرات سے دوچار کیا ہے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام بھارت کی بلااشتعال جنگی کارروائیوں سے شدید غصے میں ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے رابطہ کیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا جنوبی ایشیا کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، امریکا خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت دونوں کو کشیدگی کم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا، وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر امریکی صدر ٹرمپ کی تشویش کو سراہا۔ شہباز شریف نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے حملوں نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی، بھارت نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو شدید خطرات سے دوچار کیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام بھارت کی بلااشتعال جنگی کارروائیوں سے شدید غصے میں ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع میں کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کے مطابق دونوں فریقین نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔