آسٹریلوی صحافی کی آئی سی سی چیئرمین جے شاہ پر کڑی تنقید، ’منافق‘ قرار دے دیا
اشاعت کی تاریخ: 16th, May 2025 GMT
کرکٹ میں سیاست کی مداخلت پر آسٹریلوی صحافی میلکم کون نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین جے شاہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں منافق قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں میلکم کون نے کہا کہ جے شاہ نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی فوج کی کھل کر حمایت کی، جو بطور آئی سی سی چیئرمین غیر جانبداری کے تقاضوں کے منافی ہے۔
میلکم کون نے اپنی ٹوئٹ میں سوال اٹھایا کہ آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے جب امن کی علامت کے طور پر بیٹ پر فاختہ کی تصویر لگائی تو ان پر پابندی لگا دی گئی مگر جے شاہ کو ایک متنازع سیاسی مؤقف اپنانے کے باوجود کوئی جواب دہ نہیں بنایا گیا۔
صحافی نے زور دیا کہ کھیل کو سیاست سے پاک رکھا جانا چاہیے، مگر آئی سی سی کے موجودہ چیئرمین خود کھیل کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں۔میلکم کون کے اس بیان کے بعد عالمی کرکٹ حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے کہ کیا آئی سی سی قیادت واقعی غیر جانبدار ہے یا مخصوص مفادات کے تحت کام کر رہی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: جے شاہ
پڑھیں:
ایشین گیمز 2026 :کرکٹ مقابلوں کے شیڈول اور گروپس کا اعلان
لاہور(نیوز ڈیسک)ایشین گیمز 2026 کے مردوں اور خواتین کے کرکٹ مقابلوں کے لیے ڈراز اور گروپس کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور سری لنکا کی مردوں کی ٹیموں نے براہِ راست ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ مقابلوں کے ڈراز کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس میں مردوں اور خواتین دونوں ایونٹس کے شیڈول، گروپس اور ناک آؤٹ مرحلے کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
مردوں کے ایونٹ میں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ خواتین کے مقابلوں میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ مردوں کے مقابلوں میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور سری لنکا کو عالمی درجہ بندی کی بنیاد پر براہِ راست ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ دی گئی ہے۔
دوسری جانب افغانستان، ہانگ کانگ، جاپان، ملائیشیا، نیپال اور عمان ابتدائی مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گے، جہاں سے چار بہترین ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ کر پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کا مقابلہ کریں گی۔
ابتدائی مرحلے میں گروپ اے میں افغانستان، جاپان اور نیپال شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں ہانگ کانگ، ملائیشیا اور عمان کو رکھا گیا ہے۔ دونوں گروپس سے ٹاپ دو ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
خواتین کے ایونٹ کا آغاز براہِ راست کوارٹر فائنلز سے ہوگا۔ پہلے کوارٹر فائنل میں بھارت کا مقابلہ جاپان سے ہوگا، جبکہ بنگلا دیش کا سامنا چین سے ہوگا۔ سری لنکا اور ملائیشیا بھی آمنے سامنے آئیں گے، جبکہ پاکستان کی خواتین ٹیم تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
خواتین کے کرکٹ مقابلے 17 سے 22 ستمبر تک جاری رہیں گے، جبکہ مردوں کے میچز 24 ستمبر سے یکم اکتوبر تک کھیلے جائیں گے۔
تمام میچز جاپان کے شہر ناگویا میں منعقد ہوں گے اور ٹورنامنٹ ٹی20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایشین گیمز 2023 میں بھارت نے مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز میں سونے کے تمغے اپنے نام کیے تھے۔ مردوں کے فائنل میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.2 اوورز کھیلے تھے کہ بارش کے باعث مقابلہ مکمل نہ ہو سکا، جس کے بعد بہتر عالمی درجہ بندی کی بنیاد پر بھارت کو گولڈ میڈل دے دیا گیا۔
اسی طرح خواتین کے فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو 19 رنز سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ ایشین گیمز 2026 میں بھی بھارتی ٹیمیں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کی کوشش کریں گی، جبکہ پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے بھرپور مقابلہ کریں گی۔
مزید پڑھیں۔سوناہزاروں روپے سستا، ایک دن کی بڑی کمی نے مارکیٹ ہلا دی