اسلام آباد میں ’ترکش کوزین ویک‘ ذائقوں اور دوستی کے سنگ منایا گیا
اشاعت کی تاریخ: 25th, May 2025 GMT
وفاقی دارالحکومت میں واقع ترک سفارتخانے نے ہفتہ کی شام ’ترکش کوزین ویک‘ کی مناسبت سے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا، جس میں ترکی کے بھرپور ثقافتی ورثے اور پاکستان سے اس کی گہری برادرانہ وابستگی کو اجاگر کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ترکیے کے سفیر نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کیوں کی؟
یہ پروقار تقریب ترکی کے سفیر ڈاکٹرعرفان نذیراوغلو کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جہاں سفارتکاروں، سرکاری عہدیداروں، میڈیا نمائندگان اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ مہمانوں کی تواضع روایتی ترک کھانوں سے کی گئی، جو ذائقے اور تہذیبی ہم آہنگی کا حسین امتزاج تھے۔
تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ترک سفیر نے کہا کہ ہر سال 21 سے 27 مئی تک ‘ترکش کوزین ویک’ نہ صرف ترکی میں بلکہ دنیا بھر میں منایا جاتا ہے تاکہ ہماری متنوع اور بھرپور کھانوں کی ثقافت کو اجاگر کیا جا سکے۔
ترک کھانے صرف ذائقے ہی نہیں بلکہ ہمارے ثقافتی ورثے اور اجتماعی اقدار کا عکاس بھی ہیں۔اس سال کے موضوع ’کلاسیکی پکوان‘ کے تحت مہمانوں کو روایتی گھریلو ترک کھانے پیش کیے گئے، جبکہ ہر میز پر کھانوں کی تراکیب پر مبنی کتابچے بھی رکھے گئے تاکہ شرکاء ان ذائقوں کو اپنے گھروں میں بھی آزما سکیں۔
تقریب کا ایک خاص حصہ ترک کافی کی روایتی پیشکش تھی، جو گرم ریت میں تیار کی گئی، اور مہمانوں کو ایک منفرد تجربہ فراہم کیا۔
سفیر نذیراوغلو نے کہا کہ پاکستانی عوام، خاص طور پر وہ جو ترکی کا سفر کر چکے ہیں، ترک کھانوں سے گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ ہمارے ہاں کھانے صرف خوراک نہیں بلکہ میل ملاپ، گرمجوشی اور کمیونٹی کا ذریعہ ہوتے ہیں۔ اصل روح شراکت داری ہے۔
انہوں نے ترکی اور پاکستان کے مابین لازوال برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان اخوت کا رشتہ انمول ہے، جو دنیا میں بہت کم ممالک کو حاصل ہے۔ ہم ایک دوسرے کی کامیابیوں پر فخر کرتے ہیں اور غم میں شریک ہوتے ہیں۔
پاکستان میں ہم کبھی اجنبی محسوس نہیں کرتے۔ میں ہر پاکستانی، عام شہری سے لے کر اعلیٰ قیادت تک، کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اپنا بھائی سمجھا۔
سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت، ثقافت، میڈیا، اعلیٰ تعلیم، عدلیہ اور پارلیمانی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
تقریب کے انعقاد پر سفیر نے اپنی اہلیہ امینے نزیروغلو اور ان کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
تقریب کا اختتام ’ترکی-پاکستان دوستی زندہ باد‘ اور ’ترکی-پاکستان کھانے پائندہ باد‘ جیسے پرجوش نعروں سے ہوا، جو دوستی اور ذائقوں کے اس حسین امتزاج کی عکاسی کر رہے تھے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ترک سفیر ترکش کوزین ویک ڈاکٹرعرفان نذیراوغلو.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: ترک سفیر ترکش کوزین ویک ڈاکٹرعرفان نذیراوغلو ترکش کوزین ویک سفیر نے
پڑھیں:
اسلام آباد اورراولپنڈی میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 24 مئی ۔2025 ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اورراولپنڈی میں طوفانی ہواﺅں کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے طوفانی بارش سے اسلام آباد میں قائداعظم یونیورسٹی کی کینٹین کا شیڈ گر گیا جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش سے قبل سیاہ گھٹاﺅں نے دن میں ہی رات کا سماں پیدا کر دیا.(جاری ہے)
راولپنڈی میں شمس آباد پر 32، پی ایم ڈی 29، گولڑہ کے مقام پر 10 ملی میٹر اور کچہری میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں پانی کا بہاﺅ معمول کے مطابق ہے ادھر خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں سوات، مینگورہ، چارسدہ، ہری پور، مردان، پشاور، صوابی اور مالاکنڈ ڈویژن میں بارش اور ژالہ باری نے سیاحتی مقامات کا حسن دوبالا کردیا، ٹھنڈی ہواﺅں نے شدید گرمی کا زور توڑ دیا. سوات میں بارش کے ساتھ ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا، سیاحوں نے موسم بدلتے ہی بھرپور لطف اٹھایا، بارش سے سوات کے ندی نالے پانی سے بھرگئے، سڑکوں پربچے اوربڑے موج مستیاں کرتے نظر آئے پشاور میں بھی ٹھنڈی ہواﺅں سے موسم خوشگوار ہوگیا، گرمی کا زور ٹوٹنے پر شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، تیز ہواﺅں سے کچھ مقامات پر سائن بورڈز بھی اکھڑ گئے. مانسہرہ اورگردونواح میں بھی تیز بارش اور ہواﺅں نے موسم کے تیور بدل دیے، کئی روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تیز آندھی کے باعث متعدد علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی ہری پور اورگردونواح میں بھی ابر رحمت برسنے سے گرمی سے ستائے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا. محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر شہروں پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع ہفتہ کے روز بھی شدیدگرم اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہے، دوپہر کے بعد ساحلی علاقوں میں تیزگرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے. کراچی سمیت سندھ بھر میں گرمی کی شدت برقرار ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت بھی زیادہ ہے محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 52 ڈگری اور دادو میں 51 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے.