نوشکی میں فائرنگ سے پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار شہید
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
کوئٹہ:
نوشکی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہل کار کو شہید کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ نوشکی کے علاقے کلی محمد حسنی میں پیش آیا، جس میں گولی لگنے سے ایک پولیس اہل کار زخمی ہوا اور بعد ازاں جانبر نہ ہو سکا۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے تصدیق کی ہے کہ نوشکی میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار وحید احمد ولد محمد ہاشم شہید ہوا ہے، جس کا تعلق جمال آباد نوشکی سے تھا۔
انہوں نے کہا کہ پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے، اس پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔ یہ حملہ قومی مہم کو سبوتاژ کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کی سازش ہے۔ تخریب کاروں کے خلاف کارروائی میں مزید تیزی لائی جائے گی۔
وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی مذمت
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے نوشکی میں انسداد پولیو مہم ٹیم پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اہل کار عبدالوحید کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور ان کے لیے صبر کی دعا کی۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے نکلنے والی پولیو ٹیم پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔ پولیو کی مہم کے خلاف شر پسند عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کےواقعے کی مذمت کی اور شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس اہلکار عبدالوحید نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے۔ شہید کے سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: نوشکی میں پولیو ٹیم پولیس اہل
پڑھیں:
قلات میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، بھارتی حمایت یافتہ 8 دہشت گرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 بھارتی سپانسر شدہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات میں 19 اور 21 جولائی کو فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کئے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 بھارتی سپانسر شدہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے، ہلاک دہشتگرد متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔