وزیراعظم شہباز شریف ایران کا 2 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد آذربائیجان روانہ
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
وزیراعظم محمد شہباز شریف ایران کا 2 روزہ دورہ مکمل کرکے آذربائیجان کے لیے روانہ ہو گئے۔ تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی، ایران میں پاکستان کے سفیر رضا امیری مقدم، پاکستان کے ایران میں سفیر مدثر ٹیپو اور دیگر اعلیٰ سفارتی حکام نے وزیراعظم اور ان کے وفد کو رخصت کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دورے کے دوران سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں دو طرفہ تعلقات، باہمی تجارت، علاقائی روابط کے فروغ اور سیکیورٹی سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کی ایرانی قیادت سے ملاقاتیں، پاک بھارت کشیدگی کے دوران حمایت پر شکریہ ادا کیا
ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر مسلط کردہ کشیدگی کے تناظر میں ایران کی خطے میں امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ علاوہ ازیں، غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور دیرپا امن کے لیے بین الاقوامی سطح پر مؤثر کردار ادا کرنے پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف ایران کے بعد 4 ملکی دورے کے تیسرے مرحلے میں آذربائیجان کے صدر کی دعوت پر باکو روانہ ہو گئے ہیں، جبکہ ان کا اگلا دورہ تاجکستان کا ہوگا۔ اس سے قبل وہ ترکیہ اور ایران کا دورہ مکمل کر چکے ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
آذربائیجان آیت اللہ سید علی خامنہ ای ایران تاجکستان ترکیہ وزیراعظم محمد شہباز شریف.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: آیت اللہ سید علی خامنہ ای ایران تاجکستان ترکیہ وزیراعظم محمد شہباز شریف شہباز شریف کے لیے
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کا دورہ مکمل کرکے تہران روانہ ہوگئے
وزیراعظم محمد شہباز شریف ترکیہ کا 2 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد ایران کے دارالحکومت تہران کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
وزیر اعظم کے اس دورے کا مقصد ترکیہ کی قیادت اور عوام، بالخصوص صدر رجب طیب اِردوان کی جانب سے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرنا تھا۔
استنبول ایئرپورٹ پر وزیر اعظم کو پرتپاک انداز میں رخصت کیا گیا، جہاں ترک وزیر دفاع یشار گیولر، استنبول کے ڈپٹی گورنر الکر حاقتان کچمز، پاکستان ترکیہ کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر برہان قایاترک، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر یوسف جنید اور استنبول میں تعینات پاکستانی کونسل جنرل نعمان اسلم سمیت حکومت ترکیہ کے اعلیٰ حکام اور پاکستانی سفارتکار موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کے فروغ کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم نے ترکیہ کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں اور دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دورہ مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف تہران روانہ ہو گئے، جہاں وہ ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال، باہمی تعاون اور اقتصادی شراکت داری پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
وزیراعظم کے حالیہ دورہ ترکیہ کو سفارتی حلقے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ایک مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جو خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بھی 1 روزہ دورے پر آج ایران روانہ ہوئے، جہاں وہ وزیراعظم شہباز شریف کے وفد میں شامل ہوں گے۔