سینیٹرز نے ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کو 10 سال قید سزا کی تجویز کو مسترد کردیا
اشاعت کی تاریخ: 16th, June 2025 GMT
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئندہ مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے ٹیکس آمدنی میں اضافے اور ٹیکس چوروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کے لیے 10 سال قید اور جرمانے کی سزا تجویز کی تھی، اس تجویز پر آج سینیٹ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں سینیٹرز نے تحفظات کا اظہار کیا اور اس تجویز کو مسترد کردیا۔
یہ بھی پڑھیں ٹیکس چوری ناقابل برداشت، 70 برس کے بگاڑ کو ٹھیک کرنے کے لیے سخت اقدامات کرنا ہوں گے، وزیراعظم
سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کمیٹی میں ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کے لیے بجٹ میں تجویز کی گئی 10 سال سزا پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر محسن عزیز نے کہاکہ ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کو 10 سال سزا دینے سے بہتر ہے کہ عمر قید کی سزا دے دیں، ایسا معلوم ہو رہا ہے کہ ایف بی آر قتل کا جرم اور ٹیکس چوری کا جرم برابر تصور کرتا ہے۔
سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ کسی بھی کاروباری شخصیت کے لیے 10 سال قید بہت زیادہ ہے، موجودہ 2 سال کی سزا بھی بہت سخت سزا ہے، بجٹ میں تجویز کردہ 10 سال قید اور ایک کروڑ جرمانے کی سزا تو انتہائی سخت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کو زیادہ سے زیادہ 5 سال قید اور 50 لاکھ جرمانے کی سزا ہونی چاہیے، لیکن اس سے قبل 3 مرتبہ نوٹس بھی ارسال کرنا چاہیے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ ٹیکس قوانین میں دی جانے والی سزاؤں کو سیاسی طور پر نہیں استعمال کرنا چاہیے۔
چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے ٹیکس فراڈ کی مالیت کے حساب سے سلیبز بنانے اور قید کی سزا کے بجائے جرمانہ عائد کرنے کی تجویز دی۔
چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کمیٹی کو بتایا کہ کاروباری شخصیات اور دیگر افراد حکومت کے پیسے ٹیکس چوری سے کھا جاتے ہیں، قانون کے مطابق سائیکل اور موٹر سائیکل چور کو قید کی سزا ہے تو ٹیکس چوروں کو بھی قید کی سزا ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ ٹیکس فراڈ میں بڑے بڑے لوگ ملوث ہیں اور ایک سابق سینیٹر بھی یہ کام کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں ٹیکس چوری روکنے کے لیے ریگولیٹری اتھارٹی بنانے کی تیاری مکمل، بھاری جرمانے تجویز
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کمیٹی کو بتایا کہ وزارت کے پاس ٹیکس چوروں کا ڈیٹا موجود ہے اور اب کارروائیوں کا آغاز ہوگا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews ٹیکس چوری چیئرمین ایف بی آر چیئرمین کمیٹی سزا مسترد سلیم مانڈی والا محمد اورنگزیب وزیر خزانہ وی نیوز.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: ٹیکس چوری چیئرمین ایف بی ا ر چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈی والا محمد اورنگزیب وی نیوز نے کہاکہ ٹیکس قید کی سزا ٹیکس چوری سال قید کے لیے
پڑھیں:
ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان میں انشورنس سیکٹر میں اصلاحات کی تجویز
ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں انشورنس سیکٹر میں اصلاحات کی تجویز دے دی۔
اس حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انشورنس قدرتی حادثات میں مالی تحفظ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، نجی شعبے میں انشورنس کا کردار نہایت محدود ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں نجی منصوبوں میں انشورنس رسک فنانسنگ اہم کردار ادا کرسکتی ہے، حکومتِ پاکستان انشورنس سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ غریبوں کیلئے سماجی انشورنس کیلئے اقدامات کیے جائیں، ملک میں انشورنس سیکٹر کیلئے ریگولیٹری ماحول بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
رپورٹ کے مطابق آبادی کی اکثریت کو انشورنس کی آگاہی ہی نہیں ہے، انفرادی کے بجائے گروپ انشورنس سیکٹر ڈیولپمنٹ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، ملک میں انشورنس پریمیئم بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا کہ حکومت کو نجی شعبے میں لازمی انشورنس کور فراہم کرنے کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے، سرکاری ملازمین کی پنشن اسکیم پُرکشش مگر اسکی فنڈنگ کا کوئی طریقہ کار نہیں رکھا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری پنشن کا سرکاری خزانے پر بوجھ بہت زیادہ ہے، ای او بی آئی پنشن کے دائرہ کار کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔