بیوہ خواتین کو محض ہمدردی نہیں، حق اور سہارا بھی دے رہے ہیں، مریم نواز
اشاعت کی تاریخ: 23rd, June 2025 GMT
بیوہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کشمیر، غزہ اور اب ایران میں جاری جنگوں کے نتیجے میں بیوہ ہونے والی خواتین عالمی ضمیر کیلئے ایک چبھتا ہوا سوال ہیں اور ان کی تکالیف کو صرف ہمدردی نہیں بلکہ عملی سہارا دینا ناگزیر ہے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بیوہ خواتین کو محض ہمدردی نہیں، حق اور سہارا بھی دے رہے ہیں۔ بیوہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک پراثر پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دین اسلام نے بیوہ خواتین کو عزت، وقار اور مکمل حقوق کی ترغیب دی ہے اور معاشرے کی ذمے داری ہے کہ وہ ان خواتین کو تنہا نہ چھوڑے۔ انہٟوں نے کہا کہ کشمیر، غزہ اور اب ایران میں جاری جنگوں کے نتیجے میں بیوہ ہونے والی خواتین عالمی ضمیر کیلئے ایک چبھتا ہوا سوال ہیں اور ان کی تکالیف کو صرف ہمدردی نہیں بلکہ عملی سہارا دینا ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کے تحت بیوہ خواتین اور سنگل مدرز کو خصوصی ترجیح دے رہی ہے تاکہ وہ باعزت زندگی گزار سکیں، اس کے علاوہ ان خواتین کے بچوں کو "ہونہار سکالرشپ" پروگرام میں بھی ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جا رہا ہے تاکہ تعلیم کی راہ میں رکاوٹیں نہ آئیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اور محکمہ سوشل ویلفیئر کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ بیوہ خواتین کی مکمل معاونت کو یقینی بنائیں اور انہیں ہر ممکن سرکاری مدد فراہم کریں، میرا عزم ہے کہ پنجاب کی کوئی بیوہ خود کو اکیلا محسوس نہ کرے، ریاست کو ہر لمحہ اپنے ساتھ کھڑا پائے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ہمدردی نہیں بیوہ خواتین مریم نواز خواتین کو
پڑھیں:
وزیراعلیٰ مریم نواز کا پنجاب میں کچرا ٹھکانے لگانے کا جدید منصوبہ
لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں کچرا جمع کرنے کے لیے رَنگ دار کوڑے دان استعمال کرنے کا حکم دے دیا۔
پہلے مرحلے میں ’’اسمارٹ ویسٹ مینجمنٹ پراسیس‘‘ پنجاب بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں نافذ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
پنجاب حکومت کے حکم نامے کے مطابق سرکاری و نجی درس گاہوں میں پانچ رنگ کے کوڑے دان رکھے جائیں۔
سینیئر وزیر موحولیات اینڈ کلائمٹ چینج مریم اورنگزیب منصوبے کی نگرانی کریں گی۔ رانا سکندر وزیرِ تعلیم اور ذیشان ملک وزیر لوکل گورنمنٹ کو ٹارگٹس سونپ دیے گئے، 30 ستمبر تک تمام اسکولوں میں رنگوں والے کوڑے دان لگانے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی۔
یکم اکتوبر سے معائنہ شروع ہوگا اور رنگ دار کوڑے دان نہ رکھنے پر جرمانے ہوں گے۔
الگ الگ رنگ کے کچرے کے ڈبوں میں الگ الگ قسم کا ک کوڑا کرکٹ جمع کیا جائے گا، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
پیلے رنگ کے ڈبوں میں کاغذ اور ردی جمع کی جائے گی۔ سبز رنگ کے ڈبوں میں بوتلیں، کانچ کے ٹکڑے، لیبارٹری میں استعمال ہونے والا ضائع شدہ سامان ڈالا جائے گا۔
سُرمئی (گرے) رنگ میں پھلوں کے چھلکے، ضائع شدہ کھانا، پتے اور گلی سڑی سبزیاں پھینکی جائیں گی۔ لال رنگ کے کچرے کے ڈبے لوہے اور دیگر دھاتی کوڑے کے لیے استعمال ہوں گے، نارنجی (اورنج) ڈبے پلاسٹک ویسٹ کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
ان اشیاء کو دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس جدید طریقے کا مقصد کچرے کی مقدار میں کمی لانا اور ماحول دوست رویوں کو فروغ دینا ہے۔
پنجاب مینجمنٹ ہیلپ لائن (1139) پر تعلیمی ادارے کچرے کو اٹھانے کے لیے رابطہ بھی کر سکتے ہیں۔ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ رنگدار کوڑے دانوں کے انتظام میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
ماحولیات کے تحفظ کا ادارہ (ای پی اے) تعلیمی اداروں میں اس طریقہ کار کے نفاذ کو یقینی بنائے گا، ای پی اے ٹیم درس گاہوں کا معائنہ بھی کرے گی۔ معیار پر پورا اترنے والے تعلیمی اداروں کو ای پی اے کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔