گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو این ایف سی سے حصہ دلوانے کی کوشش کر رہے ہیں، احسن اقبال
اشاعت کی تاریخ: 29th, June 2025 GMT
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ صوبوں کو زیادہ پیسہ دینے کے باعث دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم جیسے کلیدی اہمیت کے منصوبوں پر زیادہ پیسے خرچ نہیں کر پا رہے۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ٹیکس کا پیسہ صوبوں کو دینے سے ڈیموں پر زیادہ خرچ نہیں کر پا رہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت جو ٹیکس اکٹھا کرتی ہے اس کا 60 فیصد صوبوں کو چلا جاتا ہے، یہی حال رہا تو اگلے دو تین سال میں ترقیاتی بجٹ ایک ہزار ارب روپے سے کم ہو کر 500 ارب روپے رہ جائے گا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ صوبوں کو زیادہ پیسہ دینے کے باعث دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم جیسے کلیدی اہمیت کے منصوبوں پر زیادہ پیسے خرچ نہیں کر پا رہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لیے ایک ہزار ارب روپے اور مہمند ڈیم کے لیے تین سو ارب روپے چاہئیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صوبوں کے حوالے کرنا چاہیے، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور کے پی میں ضم شدہ اضلاع کو این ایف سی سے حصہ دلوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
ایس سی او وژن 2025ء کے تحت آزاد کشمیر میں جدید آئی ٹی دور کا آغاز
یونیورسٹی آف کوٹلی میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک، تحصیل سہنسہ میں فری لانسنگ حب اور کوٹلی جیل میں نوعمر قیدیوں کے لیے آئی ٹی لیب کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ ایس سی او وژن 2025ء کے تحت آزاد جموں و کشمیر میں جدید آئی ٹی دور کا آغاز ہو گیا۔ یونیورسٹی آف کوٹلی میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک، تحصیل سہنسہ میں فری لانسنگ حب اور کوٹلی جیل میں نوعمر قیدیوں کے لیے آئی ٹی لیب کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ کوٹلی میں قائم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک پہلے ہی سیکڑوں نوجوانوں کو تربیت اور روزگار فراہم کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹلی نے بتایا کہ آئی ٹی لیب کا مقصد نو عمر قیدیوں کی بحالی اور تربیت کے لیے الگ ماحول فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی ہدف نوجوانوں کو باقاعدہ آئی ٹی کی تعلیم دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرایا جائے گا۔ یہ اقدامات نوجوانوں کو عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ سے ہم آہنگ کر کے روزگار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ ایس سی او وژن 2025ء کے تحت کوٹلی جیل میں قائم آئی ٹی لیب اپنی نوعیت کی پہلی مثال ہے۔ایس سی او کے قابلِ تحسین اقدامات خطہ میں بے روزگاری میں کمی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔