کراچی میں رواں سال کے 7 ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں 546 شہری جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 9th, August 2025 GMT
شہر قائد میں رواں سال کے دوران ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 546 افراد جاں بحق جبکہ 8 ہزار 136 افراد زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر میں 7 ماہ کے دوران ہیوی گاڑیوں سے ہونے والے جان لیوا حادثات میں 165 افراد لقمہ اجل بن گئے جس میں سب سے زیادہ 62 خونی و جان لیوا حادثات کا ذمہ دار ٹریلر نکلا۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کی نمائندہ تنظیموں سے اجلاسوں اور انھیں دی گئی ہدایات کے باوجود ہیوی ٹریفک شہریوں کی زندگیوں کو نہ صرف نگل رہی ہے بلکہ ان ٹریفک حادثات میں شہری زخمی بھی ہو رہے ہیں۔
چھیپا فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق شہر قائد میں رواں سال 2025 کے 7 ماہ کے دوران مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر جان لیوا ٹریفک حادثات میں 546 افراد جاں بحق ہوئے جس میں 425 مرد ، 51 خواتین ، 51 بچے اور 19 بچیاں شامل ہیں۔
شہر میں ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 8 ہزار 136 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جس میں 6411 مرد ، 1237 خواتین ، 398 بچے اور 120 بچیاں شامل ہیں۔
چھیپا فاؤنڈیشن کے ترجمان چوہدری شاہد کے مطابق شہر قائد میں 219 روز میں اب تک ہیوی گاڑیوں کے خونی و جان لیوا ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 165 افراد زندگی سے محروم ہوگئے جس میں سب سے زیادہ 62 جان لیوا حادثات ٹریلر کی ٹکر سے جاں بحق ہوئے جبکہ واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 37 افراد ، ڈمپر کی ٹکر سے 32 افراد ، بس کی ٹکر سے 20 افراد جبکہ مزدا کی ٹکر سے 14 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
ایک جانب ٹریفک پولیس کی جانب سے قوانین پاسداری کے بیانات سامنے آتے ہیں تو دوسری جانب ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑاتی ہوئی پبلک اور ہیوی ٹرانسپورٹ شہریوں کو روند کر انھیں زخمی کرنے کے ساتھ ساتھ زندگی سے بھی محروم کر رہی ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ رات کو ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے کی اجازت کے بعد وہ کس اندازہ میں ڈرائیونگ کرتے ہیں انھیں چیک کرنے والا کوئی نہیں ہوتا ، ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیورں کو بس اس بات کا اطمینان ہوتا ہے کہ انھیں شہر میں داخلے کی اجازت مل گئی ہے اور انھیں چیک کرنے والا دور دور تک کوئی نہیں ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہیوی ٹریفک کے ڈرائیور نہ صرف اپنی لین کی خلاف ورزی کرتے ہیں جس کی وجہ سے دیگر ٹریفک کو گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ ڈرائیور ایک دوسرے سے آگے نکلنے کے لیے خطرناک اندازہ میں ڈرائیونگ بھی کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے افسران کو شہر قائد میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر کڑی نگاہ رکھنے کے لیے ویجیلینس ٹیمیں تشکیل دینا چاہیں جو ان لاپروا اور تیز رفتاری کا مظاہرہ کرنے والی ہیوی ٹریفک کو لگام ڈال سکیں اور ڈرائیوروں کو بھی اس بات کا خوف ہو کہ انھیں اس وقت بھی کوئی مانیٹر کر رہا ہے ۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ٹریفک حادثات میں ہیوی ٹریفک کی ٹکر سے جان لیوا کے دوران
پڑھیں:
شیرشاہ پراچہ برج پر ہیوی ٹرالر بے قابو‘ فٹ پاتھ توڑتا ہوا برج سے لٹک گیا
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شیرشاہ کے علاقے میں پراچہ برج پر خوفناک حادثے میں ایک ہیوی ٹرالر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر فٹ پاتھ اور برج کی حفاظتی دیوار توڑتا ہوا لٹک گیا۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق ٹرالر شیرشاہ پراچہ برج سے بلدیہ کی سمت جا رہا تھا کہ اچانک ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا، جس کے نتیجے میں ٹرالر فٹ پاتھ اور حفاظتی دیوار توڑتا ہوا پل کے کنارے پر لٹک گیا۔حادثے کے بعد پراچہ برج پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی جبکہ ٹریفک پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور صورتحال کو قابو میں لیا۔ٹریفک پولیس حکام کے مطابق برج کے نیچے سے گزرنے والی ٹریفک کو سنگل ٹریک پر منتقل کر کے بحال کر دیا گیا ہے جبکہ ہیوی ٹرالر کو کرین کی مدد سے ہٹانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حادثہ ڈرائیور کی غفلت اور گاڑی کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے ٹرالر کو قبضے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔