کورنگی میں فیکٹری کی لفٹ کے نیچے دب کر ملازم جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 16th, August 2025 GMT
کورنگی بلال کالونی نجی گارمنٹ فیکٹری میں کارگو لفٹ کے نیچے دب کر ایک نان بائی جاں بحق ہوگیا ، متوفی ایک بچے کا باپ تھا ، آبائی تعلق بہاولپور سے تھا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کورنگی بلال کالونی میں نجی گارمنٹ فیکٹری میں کارگو لفٹ کے نیچے دب کر ایک نان بائی جاں بحق ہوگیا، متوفی ایک بچے کا باپ تھا اور تعلق آبائی بہاولپور سے تھا ۔
متوفی کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔ ترجمان چھیپا اورنگ زیب کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 30 سالہ کاشف ولد رسول بخش کے نام سے کی گئی۔
متوفی کے بڑے بھائی محمد عربی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا کاشف کورنگی تین نمبر کرسچن پاڑہ کی مسلم پٹی کا رہائشی تھا، چند روز قبل ہی کورنگی نمبر ایک میں کرائے پر گھر لیا تھا تاہم وہاں ابھی شفٹ نہیں ہوا تھا۔
متوفی کی چار سال قبل شادی ہوئی تھی ، ایک 6 ماہ کے بچے کا باپ تھا ، آبائی تعلق بہاولپور سے 100 کلو میٹر آگے گاؤں سے تھا۔ متوفی مزکورہ گارمنٹ فیکٹری کے کچن میں روٹی پکانے کا کام کرتا تھا۔
واقعے کے وقت صبح تقریباً ساڑھے سات بجے کارگو لفٹ اوپر کی جانب جا رہی تھی کہ کاشف نے چھلانگ لگا کر اس میں سوار ہونے کی کوشش کی اور نیچے گر کر اسی لفٹ کے نیچے دب گیا ، متوفی کی لاش تدفین کے لیے آبائی علاقے لے جائی گئی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
یوم آزادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والی ٹک ٹاکر گرفتار
کورنگی پولیس نے یوم آزادی کے موقع پر کھلے عام ہوائی فائرنگ کرنے والی لڑکی کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر 2 ساتھیوں کی تلاش میں پولیس چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس کے مطابق ہوائی فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اس حوالے سے ایس ایچ او کورنگی عدیل افضال نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک لڑکی کو ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ اس کے ہمراہ 2 افراد بھی موجود تھے جو اسے ہوائی فائرنگ کی ترغیب دے رہے تھے۔
ویڈیو پر کورنگی پولیس نے سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کیا جس میں مدعی مقدمہ اے ایس آئی فیصل رحیم نے بیان دیا ہے کہ مختلف واٹس ایپ گروپوں میں ایک ویڈیو جس میں ایک لڑکی ہوائی فائرنگ اور ترچھی گولیاں چلاتی ہوئی دکھائی دی جس کے ہمراہ 2 اشخاص بھی کھڑے ہیں۔
مدعی کے مطابق اس ویڈیو کے بارے میں انھوں نے مخبر خاص سے معلومات حاصل کی تو معلوم ہوا کہ فائرنگ کرنے والی لڑکی آمنہ بیگ 14 اگست کی رات 12 بجکر 10 منٹ بمقام ڈبل روڈ بنگالی کیمپ جانب کورنگی ڈھائی نمبر اپنے ساتھیوں اویس اور سعید خان کے ساتھ کھڑی تھی جہاں پہلے اویس نے ہوائی و ترچھی فائرنگ کی۔
پھر اویس نے آمنہ کے ہاتھ میں پستول دے کر آمنہ کے کندھوں پر ہاتھ رکھ کر پستول چلانے کی ترغیب دی پھر وہیں موجود سعید نامی شخص نے آمنہ کو پستول چلانے پر اکسایا جس پر پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 468 سال 2025 بجرم دفعات 324 ، 337ایچ ٹو اور 109 چونتیس کے تحت درج کرلیا۔
ایس ایچ او کورنگی کے مطابق پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والی لڑکی آمنہ کو گرفتار کرلیا جو کہ پی کیو آر کی سابق اہلکار بتائی جاتی ہے تاہم پولیس نے مزید تفتیش کے لیے ملزمہ انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔