پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے والے بڑے بڑے طرم خان رگڑ دیئے جائیں گے، فیصل واوڈا
اشاعت کی تاریخ: 17th, August 2025 GMT
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اگست 2025ء ) سابق وفاقی وزیر اور موجودہ آزاد سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے والے بڑے بڑے طرم خان رگڑ دیئے جائیں گے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاستدان، این جی اوز اور دیگر اپنے ذاتی مفادات کیلئے ہمیشہ پاکستان کی افواج کو کمزور کرنے کی گھناؤنی کوشش کرتے رہے ہیں لیکن ایک بار پھر ہمیشہ کی طرح فیلڈ مارشل کی سربراہی میں افواج پاکستان نے ملک کو بڑی دہشت گردی سے بچا لیا ہے جس کی تفصیلات بہت جلد سامنے لائی جائیں گی۔
سینیٹر فیصل واوڈا کا مزید کہنا ہے کہ تمام منافق سیاستدان اور دیگر اپنی سمت ٹھیک کرلیں ورنہ پاکستان کی ترقی کا جو تسلسل جاری ہے اُس میں رکاوٹ پیدا کرنے والے بڑے بڑے طرم خان رگڑ دیئے جائیں گے، امید کرتا ہوں سب کو میری بات صحیح طرح سمجھ آ رہی ہے۔(جاری ہے)
علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ جیسا کہا تھا بالکل ویسے ہی فیلڈ مارشل کی عالمی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، انڈیا کو جنگ میں بد ترین شکست اور ٹیرف میں عالمی شرمندگی کے بعد فیلڈ مارشل کا ایک اور بین الاقوامی معرکہ جس میں انڈیا کے سپانسرڈ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو امریکہ کی جانب سے عالمی دہشت گرد قرار دے دیا گیا جس کا مطلب ایک طریقے سے انڈیا ہی دہشت گرد ہے، فیلڈ مارشل نے اپنی قابلیت کو بین الاقوامی طور پر ثابت کر دیا ہے، کاش پاکستان کے پاس فیلڈ مارشل جیسا جمہوری لیڈر بھی ہوتا، نہ پہلے کوئی لیڈر تھا نہ آج کوئی ہے اور نہ ہی آگے کوئی نظر آ رہا ہے اب دیکھیں اس کے بعد کیا کیا ہوتا ہے؟۔
.
ذریعہ
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے پاکستان کی فیلڈ مارشل
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محب وطن، باصلاحیت، باہمت اور ثابت قدم عوام ہی اس صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی یہی مشترکہ کاوشیں صوبے میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔