ICC کا PCB کے خلاف ممکنہ کارروائی کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 19th, September 2025 GMT
ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے میدان میں جاری کشیدگی کے بعد بھارتی میڈیا نے ایک اور نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کو مبینہ طور پر ایشیا کپ میں پروٹوکول کی خلاف ورزی پر نوٹس بھیج دیا ہے اور سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ بھارتی چینل انڈیا ٹوڈے کے مطابق آئی سی سی کے سی ای او سنجوگ گپتا نے پی سی بی کو ایک ای میل بھیجی ہے، جس میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ 17 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف میچ سے قبل میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کو کس اجازت کے تحت فلمایا گیا؟ رپورٹ کے مطابق اس میٹنگ میں موبائل فون اور کیمرے لے جانے پر پابندی تھی، مگر پاکستانی ٹیم نے ویڈیو ریکارڈنگ کی۔ مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی سی بی نے میچ ریفری کی معافی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس پر آئی سی سی نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے قوانین کی خلاف ورزی پر آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلاف ایکشن پر غور کر رہا ہے۔ یاد رہے کہ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا تھا جب بھارت کے خلاف میچ کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو بھارتی کپتان سوریا کمار یادو سے ہاتھ ملانے سے روک دیا تھا۔ اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت احتجاج کرتے ہوئے آئی سی سی سے ریفری کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ بعد میں اینڈی پائی کرافٹ کو پی سی بی اور پاکستانی ٹیم سے باضابطہ معافی مانگنی پڑی تھی۔ کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کی یہ نئی رپورٹ پاک-بھارت میچ (21 ستمبر) سے قبل ایک اور دباؤ کی کوشش ہے، تاکہ میدان میں اترنے سے پہلے ہی پاکستان ٹیم پر تناؤ بڑھایا جا سکے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: بھارتی میڈیا پی سی بی کے خلاف
پڑھیں:
ایشیا کپ: پاک بھارت میچ سے قبل بھارتی میڈیا نے نیا شوشہ چھوڑ دیا
بھارت اپنی اوچھی حرکتوں سے باز نہ آیا، پاک بھارت میچ سے قبل بھارتی میڈیا نے ایک نیا شوشہ چھوڑ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کے خلاف کارروائی پر غور شروع کر دیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ایشیا کپ میں یو اے ای کے خلاف میچ سے قبل پاکستانی ٹیم نے متعدد ٹورنامنٹ قوانین کی خلاف ورزی کی۔
ٹیم نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو نہ ہٹانے کے فیصلے کیخلاف احتجاجاً میچ میں تاخیر کی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ایک ای میل بھیجی ہے جس میں بدسلوکی اور پلیئرز اینڈ میچ آفیشلز ایریا پروٹوکول کی متعدد خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی۔