چہرہ ہی بدل گیا، ٹیلر سوئفٹ نے کاسمیٹک سرجری کروالی؟
اشاعت کی تاریخ: 6th, October 2025 GMT
حال ہی میں منگنی کی وجہ سے دنیا بھر کی توجہ حاصل کرنے والی امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی حالیہ ٹی وی انٹری نے مداحوں اور شوبز حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ مداحوں میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ ٹیلر نے سرجری کروالی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے حال ہی میں معروف برطانوی میزبان گراہم نورٹن کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی 12ویں اسٹوڈیو ایلبم کی تشہیر کے ساتھ ساتھ اپنی ممکنہ شادی کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
تاہم شو میں ان کی موجودگی کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے ان کے چہرے میں تبدیلیاں محسوس کرتے ہوئے اندازہ لگایا کہ شاید انہوں نے کاسمیٹک سرجری یا بوٹکس کروایا ہے۔
ایک مداح نے تبصرہ کیا کہ ٹیلر کے چہرے کے خدوخال پہلے کے مقابلے میں کچھ مختلف نظر آرہے ہیں۔ جبکہ ایک صارف نے کہا کہ ’ٹیلر کا تو چہرہ ہی بدل گیا ہے‘
پلاسٹک سرجن فریڈرک نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلر سوئفٹ کی آنکھوں میں معمولی فرق ضرور دکھائی دیتا ہے لیکن یہ کہنا درست نہیں کہ انہوں نے سرجری کروائی ہے۔
کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ چہرے کی یہ تبدیلی میک اپ، روشنی یا اسٹائلنگ کے اثرات کا نتیجہ بھی ہو سکتی ہے یا پھر ان کے وزن میں معمولی اضافے کے باعث یہ تبدیلی سامنے آئی ہے۔
دوسری جانب ٹیلر سوئفٹ کے نمائندے نے ڈیلی میل سے گفتگو میں ان قیاس آرائیوں کی واضح طور پر تردید کی کہ گلوکارہ نے کسی قسم کا کاسمیٹک پروسیجر نہیں کروایا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ٹیلر سوئفٹ
پڑھیں:
اساتذہ کو عزت دیے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی،ایاز صادق
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قائم مقام صدرِ پاکستان سردار ایاز صادق نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اساتذہ معاشرے کی تعمیر و ترقی کے حقیقی معمار ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کی لگن، محنت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کی کردار سازی میں اساتذہ کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ دینِ اسلام نے معلم کو عظیم درجہ عطا کیا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خود فرمایا کہ “مجھے معلم بنا کر مبعوث کیا گیا۔” اسلامی تعلیمات میں حصولِ علم اور اساتذہ کے احترام کو بنیادی اصول قرار دیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلامی معاشرہ ہمیشہ اساتذہ کی عزت و تکریم کو اپنا شعار سمجھتا آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ ہی وہ روشن چراغ ہیں جو علم کی روشنی سے جہالت کے اندھیروں کو مٹا دیتے ہیں اور نوجوان نسل کو نہ صرف تعلیم دیتے ہیں بلکہ ان کی فکری، اخلاقی اور سماجی تربیت بھی کرتے ہیں۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ معاشرے کا فکری اور اخلاقی ڈھانچہ صرف اس وقت مضبوط ہو سکتا ہے جب اساتذہ کو عزت و مقام دیا جائے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ اساتذہ کو عزت و احترام دیے بغیر کوئی بھی قوم ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتی۔ تعلیم کو اولین ترجیح دینا ہی قومی ترقی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور معاشرتی ہم آہنگی کے قیام میں بھی اساتذہ کا کردار نہایت اہم ہے۔
اپنے پیغام میں قائم مقام صدر نے کہا کہ پارلیمان اور حکومت اساتذہ کے مسائل کے حل، ان کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ مہارت میں بہتری کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم جو کچھ بھی ہیں وہ اساتذہ کی محنت، رہنمائی اور دعاؤں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اپنے اساتذہ کا احترام کریں، ان کی رہنمائی سے استفادہ حاصل کریں اور ان کی دعاؤں کو اپنی زندگی کا سرمایہ سمجھیں۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ اساتذہ کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنا دراصل انسانیت کے وقار کو سلام پیش کرنے کے مترادف ہے۔