پاکستان چند لوگوں کی اجارہ داری میں ہے، کٹھ پتلیاں چل رہی ہیں: حافظ نعیم
اشاعت کی تاریخ: 22nd, November 2025 GMT
جماعت اسلامی کے تین روزہ اجتماعِ عام کا مینارِ پاکستان لاہور میں آغاز ہو گیا، جہاں ملک بھر سے ہزاروں مرد، خواتین اور بچے شریک ہوئے۔ افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان نہ کسی پارٹی کا نام ہے نہ اسٹیبلشمنٹ کا، بلکہ چند طاقتور لوگوں کی اجارہ داری نے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’ملک میں کٹھ پتلیاں کام کر رہی ہیں، 20 فیصد لوگوں کی اجارہ داری 80 فیصد پر قائم ہے۔‘‘
حافظ نعیم نے واضح کیا کہ:
حکمرانوں نے اگر ابراہیمی معاہدہ تسلیم کیا تو قوم انہیں عبرت بنا دے گی۔
کشمیر پر کوئی سودے بازی قبول نہیں کی جائے گی۔
27ویں ترمیم کو نہیں مانتے، ہر شخص قانون کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین قرآن و سنت کے مطابق ہے، کوئی جرنیل یا جج اس میں تبدیلی نہیں کر سکتا۔ ’’ہم اللہ کی حاکمیت پر مبنی نظام چاہتے ہیں جہاں عدل اور احتساب سب کے لیے برابر ہو۔‘‘
حافظ نعیم نے الزام لگایا کہ 78 سال سے حکمران ٹولہ قوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دے سکا۔ انہوں نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔
انہوں نے یاد دلایا کہ قرارداد پاکستان کے ساتھ اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کی قرارداد بھی منظور ہوئی تھی، اور قائداعظم نے اسرائیل کو ’’مغرب کا ناجائز بچہ‘‘ قرار دیا تھا۔ انہوں نے امریکا کی پالیسیوں کو ’’انسانیت دشمن‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وٹو پاور ہمیشہ مظلوموں کے خلاف استعمال ہوتی ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ پاکستان 25 کروڑ عوام کا ملک ہے، کسی کی ذاتی جاگیر نہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اجتماع عام کے آخری روز آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا اور ’’ظلم کے نظام‘‘ کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کی جائے گی۔
اجتماع عام میں 45 ممالک سے 120 سے زائد غیر ملکی مندوبین شریک ہو رہے ہیں۔ لیاقت بلوچ اور امیر العظیم نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی فرقہ واریت کو مسترد کرتی ہے اور پاکستان میں قرآن و سنت کے مطابق منصفانہ نظام چاہتی ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی حافظ نعیم نے نے کہا کہ انہوں نے
پڑھیں:
مافیاز کے ظالمانہ نظام کوبرداشت نہیں کریں گے، حافظ نعیم
78سال سے ظلم و جبر کے نظام نے عوام کے ارمانوں کا خون کیا،امیر جماعت اسلامی
6ویںاور 27ویں ترمیم نے تو بیڑا غرق کردیا ،مینار پاکستان پر پریس کانفرنس سے خطاب
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 78سال سے ظلم و جبر کے نظام نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے لوگوں کے ارمانوں کا خون کیا۔ عدالتیں انصاف دے سکیں نہ ادارے کسی کام آسکے۔ عوام بنیادی حقوق اور سہولیات سے محروم ہیں کوئی ان کا پرسان حال نہیں۔ 26ویںاور 27ویں ترمیم نے تو بیڑا غرق کردیا ہے۔جماعت اسلامی عوام کو وڈیروں،جاگیرداروں اور مافیاز کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی۔جماعت اسلامی کے اجتماع عام میں شرکت کے لئے ملک بھر سے قافلے مینار پاکستان لاہور پہنچنا شروع ہوگئے،لاکھوں لوگوں کے قیام و طعام کے لئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ بیرون ممالک سے بھی اسلامی تحریکوں کے قائدین بھی بڑی تعداد میں اجتماع میں شریک ہوں گے۔جماعت اسلامی کا یہ اجتماع عا م ملک و قوم کے لئے امید کے نئے چراغ روشن کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینار پاکستان اجتماع گاہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور نائب امیر و ناظم اجتماع لیا قت بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔