کراچی کی ابتر حالت پر اداکارہ ماہرہ خان بھی بول پڑیں
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
پاکستان کی سپر اسٹار ماہرہ خان نے روشنیوں کے شہر کراچی کی موجودہ حالت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ماہرہ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کراچی کے مختلف علاقوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اکثر شہر کی حالت دیکھ کر حیران رہ جاتی ہیں۔ ماہرہ کے مطابق ان کے کام کے باعث انہیں ایسے محلوں میں جانے کا موقع ملا جہاں وہ پہلے کبھی نہیں گئیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ شہر کے کئی حصوں میں لوگ شدید مشکلات میں زندگی گزار رہے ہیں۔ جہاں بجلی کی طویل بندش، کھانے پینے کی کمی اور ہفتوں سے جمع کچرے نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں امیر اور غریب طبقے کے درمیان بڑھتے فرق پر بھی روشنی ڈالی۔
View this post on InstagramA post shared by Mahira Khan (@mahirahkhan)
ماہرہ خان نے کہا کہ مشکلات کے باوجود شہر کے عوام میں اُمید اور محبت اب بھی موجود ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے بچوں کو کھیلتے اور ماؤں کو چھوٹے باورچی خانوں میں پراٹھے بناتے دیکھا، جبکہ وہی بچے صبح سویرے محنت مزدوری کے لیے نکل جاتے ہیں۔
انہوں نے ایک گلی کا ذکر کیا جہاں مندر، چرچ اور مسجد ایک ہی دیوار کے ساتھ موجود تھے، جس نے انہیں گہرائی سے متاثر کیا۔ ماہرہ نے آخر میں کراچی سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں تم سے محبت کرتی ہوں کراچی‘۔
اداکارہ کی پوسٹ پر عوام نے مثبت ردعمل دیا اور کراچی کے مسائل پر اپنے تجربات اور خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ماہرہ خان
پڑھیں:
ماہرہ اور فواد خان کی ‘نیلوفر‘ کب ریلیز ہوگی؟ تاریخ سامنے آگئی
پاکستانی سنیما کے مداحوں کےلیے انتظار کی گھڑیاں اختتام کو پہنچ گئی ہیں۔ سپر اسٹار ماہرہ خان اور فواد خان کی مشترکہ فلم ’نیلوفر‘ کی ریلیز کی تاریخ کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے۔
مداحوں کی پسندیدہ جوڑی کی فلم 28 نومبر 2025 کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
یہ فلم نہ صرف ماہرہ خان اور فواد خان کو ایک بار پھر بڑی اسکرین پر اکٹھا دکھائے گی بلکہ اس میں مدیحہ امام، بہروز سبزواری، عتیقہ اوڈھو، سمیعہ ممتاز، نوید شہزاد، فیصل قریشی اور گوہر رشید جیسے نامور اداکار بھی اپنے اپنے کرداروں میں نظر آئیں گے۔
فلم میں ماہرہ خان ایک یادگار کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ فواد خان پروفیسر کے روپ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ فواد خان نہ صرف اس فلم کے مرکزی اداکار ہیں بلکہ وہ اس کے پروڈیوسر بھی ہیں۔
یہ جوڑی پاکستانی ٹیلی ویژن اور سینما کے مداحوں میں خاصی مقبول ہے، اور ان کی یہ فلم ان شائقین کے لیے ایک خاص تحفہ ثابت ہوگی جو برسوں سے ان دونوں اداکاروں کو ایک ساتھ بڑی اسکرین پر دیکھنے کے منتظر تھے۔ فلم کی دنیا بھر میں ہونے والی ریلیز سے پاکستانی سنیما کی بین الاقوامی سطح پر مقبولیت میں اضافے کی توقعات ہیں۔