افغانستان کو بتانا ہوگا کہ دہشت گردی اب ناقابل برداشت ہے، خواجہ آصف
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بس بہت ہو گیا، اب افغانستان سے بات کرنا ہوگی، افغانستان کو بتانا ہوگا کہ دہشتگردی اب ناقابل برداشت ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی صدارت میں شروع ہوا۔
اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاست ہوتی رہے گی یہ مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہونے کا وقت ہے، ایک وفد کو افغان حکام سے بات کرنے کیلئے کابل بھیجنے کی تجویز دی گئی ہے۔
سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نےکہا ہےکہ پاکستان میں جو بھی دہشت گردی ہو رہی ہے اس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ موجود ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئےسابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ابھی کل کی ہی تو بات ہے کہ کسی طرح بھارت میں دہشتگردی کے ایک واقعہ کا بہانہ بناکر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی، وہ پاکستان پر حملہ آور ہوئے اور نہتے شہریوں کو شہید کیا گیا۔
ہم اپنی افواج پاکستان خصوصا فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جن کی سربراہی میں ایئر فورس اور آرمی نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیئے اور پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ناعاقبت اندیش لوگ دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنا شروع کر دیتے ہیں اور ان کی باتوں میں آکر اپنی افواج اور اداروں کیخلاف باتیں کرتے ہیں، یہ ہمارے بیٹے ملک پر قربانیاں دیتے ہیں، یہ پہرہ دیتے ہیں تو ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا کوئی قبرستان ایسا نہیں، جہاں پاکستان کا جھنڈا نظر نہ آئے، لوگ اس پر فخر کرتے ہیں، اس قوم کو کوئی دہشت گرد ڈرا نہیں سکتا اور نہ ہی کوئی طاقت شکست دے سکتی ہے۔
راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ہمارے چھوٹے چھوٹے اختلاف ضرور ہو سکتے ہیں، تاہم جب پاکستان کے خلاف کوئی بات تو ہم سب ایک ہو جاتے ہیں، جس پر کسی کو اختلاف نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دشمن نے سیز فائر تو کیا ہے لیکن جنگ بند نہیں کی، ان کی افواج ہماری سرحدوں پر اب بھی موجود ہیں، اسی طرح ہماری افواج بھی مستعد اور ایک ایک چیز پر نظر رکھے ہوئے۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
سیکیورٹی فورسز کی مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو گرفتار کرلیا. گرفتار شدگان میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے. سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں مستونگ کےعلاقہ کھڈ کوچہ میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد وں کو جہنم واصل کر دیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا. گرفتار دہشت گردوں میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کاروائی میں دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں. کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔آپریشن کے دوران علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل نگرانی برقرار ہے. حالیہ دنوں میں مستونگ کےعلاقہ کھڈ کوچہ میں دہشتگردوں کی مذموم کاروائیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تیز کر دیے گئے ہیں۔