ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن: 7 خوارج ہلاک، میجر سبطین شہید
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں خفیہ اطلاع پر ایک کامیاب آپریشن کے دوران بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ ”فتنۃ الخوارج“ کے سات دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن 8 اکتوبر کی شب علاقے میں بھارتی پراکسی خوارج کی موجودگی کی تصدیق پر کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کی۔ اس دوران دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کی، تاہم پاکستانی جوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے تمام دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، آپریشن کے دوران کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی فوج کے 30 سالہ بہادر افسر میجر سبطین حیدر نے بہادری اور دلیری کی مثال قائم کرتے ہوئے دشمن کا مقابلہ کیا۔ وہ اپنے دستے کی قیادت کرتے ہوئے فرنٹ لائن پر لڑتے رہے اور مادرِ وطن کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے اور ہلاک شدہ خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔
ترجمان کے مطابق یہ تمام دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے اور ملک میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک دشمن بھارتی پراکسی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ’ہمارے بہادر بیٹوں کی قربانیاں قوم کے حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور ہم آخری خوارج کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔‘
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: سیکیورٹی فورسز
پڑھیں:
روس مذاکرات کے لیے تیار، یوکرین میں فوجی آپریشن جاری رہے گا، کریملن
روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران کریملن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ روس مذاکراتی عمل کے لیے کھلا ہے، لیکن جب یورپی دارالحکومت کیف حکومت کو جنگ جاری رکھنے کی ترغیب دے رہے ہیں تو ایسی صورتحال میں ماسکو بھی اپنا خصوصی فوجی آپریشن جاری رکھے گا۔ اسلام ٹائمز۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ روس یوکرین تنازع کے حل کے لیے مذاکرات پر آمادہ ہے، تاہم یورپی ممالک کی جانب سے کیف حکومت کی مسلسل حوصلہ افزائی کے باعث روس اپنا خصوصی فوجی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران دیمتری پیسکوف نے کہا کہ روس مذاکراتی عمل کے لیے کھلا ہے، لیکن جب یورپی دارالحکومت کیف حکومت کو جنگ جاری رکھنے کی ترغیب دے رہے ہیں تو ایسی صورتحال میں ماسکو بھی اپنا خصوصی فوجی آپریشن جاری رکھے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ روسی افواج خصوصی فوجی آپریشن کے دوران مثبت پیش رفت حاصل کر رہی ہیں اور میدانِ جنگ میں صورتحال حوصلہ افزا ہے۔
کریملن کے ترجمان نے بتایا کہ یوکرین کے معاملے پر روس اور امریکا کے درمیان رابطے برقرار ہیں، تاہم اس مرحلے پر یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ تنازع کے حل کی کوششوں میں کوئی نمایاں پیش رفت یا تیزی آئی ہے۔ دیمتری پیسکوف نے کہا کہ موجودہ ورکنگ چینلز کے ذریعے امریکا کے ساتھ رابطے جاری ہیں اور امید ہے کہ امریکی مذاکرات کار اپنی مصروفیات مکمل ہونے کے بعد ماسکو کا دورہ کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جا سکے۔
جوہری عدم پھیلاؤ کے حوالے سے روس کے مؤقف پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماسکو جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام کے اصول پر قائم ہے، تاہم ہر ملک کو پُرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے استعمال کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس کا مؤقف جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق ہے، جبکہ ایران، سعودی عرب اور دیگر ممالک کو پُرامن جوہری توانائی کے استعمال کا حق حاصل ہے اور اس حق کی ضمانت دی جانی چاہیے۔