اگر میں استعفیٰ دے دوں تو تحریک انصاف کا وجود ختم ہوجائے گا، بیرسٹر گوہر
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
بیرسٹر گوہر علی خان(فائل فوٹو)۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ اگر آج میں اپنی سیٹ سے استعفیٰ دے دوں تو تحریک انصاف کا وجود ختم ہوجائے گا۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ دوبارہ نئی جماعت بنانی پڑے گی، سپریم کورٹ نے اس کے لیے ایک چانس دیا۔
انکا کہنا تھا کہ اگر میں استعفیٰ دے بھی دوں تو میری جگہ کوئی اور نامزد نہیں ہو سکتا یہ سب کو معلوم ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ سب لوگ غلط ہیں جو میرے استعفیٰ سے متعلق افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ یہ سیٹ میرے پاس بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
پی ٹی آئی میں متوقع تبدیلیوں کے حوالے سے بیرسٹر گوہر کا ردعمل
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے پارٹی میں بڑی تبدیلیوں کے حوالے زیر گردش خبروں کو افواہ قرار دے دیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ ساری افواہ ہے، ہماری پارٹی مضبوط ہے اور پارٹی چئیرمین شپ کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک چیز بتاتا ہوں کہ یہ وہ لوگ کررہے ہیں جو سمجھتے ہیں کہ ہمارے پاس عددی اکثریت ہے، واضح کردوں کہ میں اگر استعفیٰ بھی دے دوں تو ہماری پارٹی مکمل ختم ہوجائے گی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میری چئیرمین شپ کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا تھا کہ خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے بعد پی ٹی آئی میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے اور مرکزی سطح پر قیادت میں بھی تبادلے ہوسکتے ہیں۔
ذرائع نے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا تھا۔