بھارتی کرکٹر سے 5 کروڑ بھتہ طلب،2 ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
نئی دہلی: بھارتی ٹیم کے اسٹار کرکٹر،بلے باز رنکو سنگھ سے متعلق ایک سنسنی خیز خبر سامنے آئی ہے۔ ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے بتایا ہے کہ انہیں انڈر ورلڈ گینگ داﺅد ابراہیم کی ’ڈی-کمپنی‘ کے نام سے 5 کروڑ روپے کے تاوان کی دھمکی ملی ہے۔ اس خبر کے منظر عام پر آنے کے بعد ان کے مداحوں میں تشویش دیکھی جا رہی ہے۔ رنکو کے خاندان نے فوری طور پر پولیس میں شکایت درج کروائی۔
پولیس کی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ اس سال فروری سے اپریل کے درمیان رنکو کی پروموشنل ٹیم کو تین مرتبہ دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے تھے۔ ممبئی کرائم برانچ نے اس معاملے میں دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔پوچھ گچھ میں ایک ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے دھمکی دینے کے لیے ’ڈی-کمپنی‘ کا نام لیا تھا۔ پولیس اب دونوں ملزمان سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے تاکہ اس معاملے کے دیگر پہلو سامنے آ سکیں۔
حال ہی میں رنکو سنگھ ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کے خلاف شاندار کارکردگی کے باعث شہ سرخیوں میں تھے۔ اسی دوران دھمکی ملنے سے رنکو سنگھ اور ان کے خاندان کے تحفظ کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی ہے۔ ملزمان کی شناخت محمد دلشاد اور محمد نوید کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ دونوں ملزمان پہلے بھی سابقہ رکن اسمبلی بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی سے 10 کروڑ روپے کی تاوان طلب کرنے کے معاملے میں گرفتار ہو چکے ہیں۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
کراچی، ڈیفنس پولیس کا قیوم آباد کے قریب ڈاکوؤں سے مقابلہ، ایک زخمی سمیت دو ملزمان گرفتار
کراچی:شہر قائد میں ڈیفنس پولیس نے قیوم آباد کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت انس اور نعیم خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔