ریلویز پولیس میں جعلسازی اور دھوکا دہی سے بھرتی ہونے کی کوشش، 13 ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 10th, October 2025 GMT
لاہور:
ریلویز پولیس میں سب انسپکٹر لیگل، اے ایس آئی اور کانسٹیبل کی بھرتیوں کے جاری عمل کے دوران انچارج ریکروٹمنٹ کمیٹی ڈی آئی جی عبدالرب چودھری کی زیرِ نگرانی 13 جعلی اُمیدواروں کو ٹیسٹ سینٹرز سے گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ریلویز پولیس کی آٹھوں ڈویژنوں میں فزیکل امتحان (جسمانی پیمائش و دوڑ) کا عمل جاری ہے جس دوران لاہور، کراچی، مغلپورہ ورکشاپس اور سکھر میں بھرتی کے لیے فزیکل امتحان میں شریک ہونے والے جعلی اُمیدواروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان نے فزیکل امتحان اور دوڑ میں اصل امیدواروں کی جگہ شریک ہونے کی کوشش کی۔
تمام جعلی اُمیدواروں کو ریکروٹمنٹ کمیٹی کے ممبران نے رول نمبر سلپس کی جانچ پڑتال کے دوران مشکوک پایا اور قصور وار ثابت ہونے پر جعلسازی میں ملوث حقیقی اور جعلی ملزمان کو گرفتار کرکے تھانہ ریلویز پولیس لاہور، مغلپورہ ورکشاپس، لانڈھی اور سکھر میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
لاہور ڈویژن سے محمد رمضان، محمد احسان اور وقاص علی جبکہ مغلپورہ ورکشاپس ڈویژن سے امروز اور محمد اعجاز کو امتحانی مراکز سے گرفتار کیا گیا۔ کراچی ڈویژن سے جعلی اُمیدواران زین، فیاض اور ذوالفقار جبکہ سکھر سے سجاد، عمران، امان اللہ، کمیل رضا اور بلاول کریم کو گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں ریلویز پولیس کی 1000 خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل جاری ہے اور فزیکل امتحان میں ریلویز پولیس لاہور اور کراچی ڈویژنز نے 3/3، مغلپورہ ورکشاپس 2 اور سکھر ڈویژن نے 5 جعلی اُمیدواروں کو گرفتار کرکے مقدمات کا اندراج کرلیا ہے۔
آئی جی ریلویز پولیس رائے طاہر (ہلال شجاعت، ستارہ امتیاز) کی ہدایات کے مطابق ڈی آئی جی عبدالرب چودھری کی زیرِ نگرانی ریلویز پولیس میں بھرتی کے عمل کو شفافیت اور میرٹ پر مبنی بنانے کے لئے ریکروٹمنٹ کمیٹی لگن اور محنت سے کام کر رہی ہے جو اس عمل کو 100 فیصد شفاف بنانے میں کوشاں ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جعلی ا میدواروں کو ریلویز پولیس فزیکل امتحان
پڑھیں:
حیدرآباد: پولیس مقابلے میں 2موٹرسائیکل چور گرفتار،2ساتھی فرار
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)نسیم نگر پولیس کی مختلف کارروائیوں میں اشتہاری و روپوش سمیت 4 موٹر سائیکل لفٹروں کو گرفتا رکرکے ان کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکلیں، اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق نسیم نگر پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کی گئی۔ پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کے بعد دو ملزمان محمد موسی ملاح اور محمد سلمان وگھیو کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ ان کے دو ساتھی علی اصغر جمالی اور اللہ ورایو مجیدانو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرارہوگئے۔نسیم نگر پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور تھانہ سٹی کی حد سے چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔مزید تفتیش کے دوران نسیم نگر پولیس نے ملزم موسیٰ ملاح کی 6ستمبر کو تھانہ سٹی کی حدود پرور شاہ کا پڑھ سے موٹر سائیکل چوری کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ گرفتار ملزم موسیٰ ملاح تھانہ چھلگری کے مقدمات میں ملوث جبکہ ضلع مٹیاری تھانہ مٹیاری کے مقدمہ میں اشتہاری ہے۔گرفتاری کے دوران ملزمان کی مزاحمت اور فائرنگ کے باعث ان کیخلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت علیحدہ مقدمات درج کرلیے گئے۔ دوسری کارروائی کے دوران نسیم نگر پولیس نے دوران خفیہ اطلاع پر تھانہ سائٹ کوٹری کے روپوش ملزم رشید مغیری اور چیک پوسٹ نسیم نگر کے مقدمہ میں اشتہاری ملزم ایوب مغیری کو بھی گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان کی گرفتاری وقت مزاحمت کرنے اور ان گرفتار ملزمان کو چھڑانے کی کوشش کرنے پر ملزمان (حمزہ ولد عالم، اسلم ولد عالم،احسان ولد سکندر،سکندر ولد غلام محمد مغیری) کیخلاف ملزمان کو چھڑانے کی کوشش اورکار سرکارمیں خلل ڈالنے پر مقدمہ درج کیا گیا۔