فلور ملز میں کام کرنے والے شہری کے اغواء اور قتل کا معمہ حل، اہم انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 23rd, November 2025 GMT
راولپنڈی:
تھانہ صدر واہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ہفتہ قبل فلور ملز میں کام کرنے والے 20 سالہ شہری کے اغواء اور اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا۔
پولیس کے مطابق شہری کے قتل میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا، زیر حراست افراد نے خنجر کے وار اور پسٹل کے بٹ مار کر قتل کیا تھا۔
زیر حراست افراد نے شہری کو بہانے سے کھیتوں میں لے جا کر قتل کرکے لاش گہری کھائی میں پھینک دی تھی۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ انہوں نے معمولی لڑائی جھگڑے کے رنج میں قتل کیا۔
صدر واہ پولیس نے ٹیکنیکل و ہیومن انٹیلی جنس ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ٹریس کرکے ملزمان کو گرفتار کیا، زیر حراست افراد کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ایس پی پوٹھوہار طلحہٰ ولی کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان ومال پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
جائیداد کے لالچ میں شوہر کے قتل کا معما حل, اصل قاتل اہلیہ آشنا اور ساتھی سمیت گرفتار
راولپنڈی میں تھانہ بنی کی حدود میں ایک ماہ قبل ہونے والے شہری کے اندھے قتل کا معما پولیس نے حل کرلیا، واردات میں مقتول کی اہلیہ، اس کا آشنا اور ایک ساتھی ملوث نکلے جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق وقار احمد کو منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنایا گیا، ملزمان نے مقتول کی گاڑی روک کر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ تفتیش کے آغاز میں مقدمے میں شامل کی گئی ایک خاتون کا واقعے سے کوئی تعلق ثابت نہ ہوسکا۔ کیس کی سمت متعین کرنے کے لیے پولیس نے سیکڑوں سی سی ٹی وی کیمروں، ٹیکنیکل ذرائع اور ہیومن انٹیلی جنس سے مدد حاصل کی جس کے بعد مقتول کی اہلیہ اور آشنا پر شکوک بڑھتے گئے، دونوں بعد ازاں واردات میں براہ راست ملوث ثابت ہوئے۔ پولیس کے مطابق آشنا نے اپنی دکان پر کام کرنے والے ملازم کے ساتھ مل کر جائیداد اور رقم کے لالچ میں وقار احمد کے قتل کی منصوبہ بندی کی، جس کا ملزمان نے دورانِ تفتیش اعتراف بھی کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلائی جاسکے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے تفتیش پر پولیس ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔