یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں چین کے قیامِ جمہوریہ کی 76ویں سالگرہ کی پروقار تقریب، 21 طلبہ میں اسکالرشپس تقسیم
اشاعت کی تاریخ: 21st, October 2025 GMT
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2025ء) یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں عوامی جمہوریہ چین کی 76ویں سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی قونصل جنرل چین مسٹر ژاؤ شی رین تھے۔ تقریب کا مقصد چائنیز قونصلیٹ اسکالرشپ 2025ء کی تقسیم تھا، جس میں لاہور میں مقیم چینی برادری کے 40 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز ڈین پروفیسر ڈاکٹر خالد منظور بٹ کے استقبالیہ کلمات سے ہوا جنہوں نے قونصل جنرل کا پُرتپاک خیر مقدم کیا اور مستحق طلبہ کو اسکالرشپس دینے پر شکریہ ادا کیا۔
(جاری ہے)
اس موقع پر چینی ثقافت، سائنسی ترقی اور باہمی تعاون پر مبنی مختصر دستاویزی فلمیں بھی پیش کی گئیں۔ قونصل جنرل مسٹر ژاؤ شی رین نے اعلان کیا کہ آئندہ سال سے اسکالرشپس کی رقم دو ملین روپے تک بڑھا دی جائے گی۔ انہوں نے 21 خوش نصیب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے یونیورسٹی کی جانب سے اس تاریخی تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور تعلیمی و معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی۔ ڈاکٹر حماد نوید نے مہمانِ خصوصی اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے پہلے حصے کا اختتام گروپ فوٹو اور یادگاری تحفے کی پیشکش سے ہوا۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے
پڑھیں:
ڈاکٹر معظم علی خان گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدر آباد کے وائس چانسلر مقرر
ڈاکٹر معظم علی خان۔فوٹو: فائلجامعہ کراچی کے سابق رجسٹرار ڈاکٹر معظم علی خان کو سندھ کے دوسرے بڑے شہر میں قائم واحد صوبائی سرکاری جامعہ گورنمٹ کالج یونیورسٹی حیدر آباد کا وائس چانسلر مقرر کر دیا گیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹفکیشن جاری کر دیا گیا۔
ڈاکٹر معظم علی خان پیر کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے، تلاش کمیٹی نے گورنمٹ کالج یونیورسٹی حیدر آباد کے عہدے کے لیے تین امیدواروں کے ناموں کا انتخاب کیا تھا۔
چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق رفیع کی سربراہی میں تلاش کمیٹی کے اجلاس میں جامعہ کراچی کے سابق رجسٹرار اور انسٹیٹیوٹ آف انوائرنمنٹل اسٹڈیز کے سابق ڈائریکٹر معظم علی خان کو پہلے نمبر پر رکھا گیا تھا۔
جب کہ میر پورخاص کیمپس کے سابق پی وی سی اور آئی بی اے سندھ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امام الدین کھوسو کو دوسرے اور آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر میر محمد شاہ کو تیسرے نمبر پر رکھا گیا تھا۔
گورنمٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد کے لیے 164 امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں جن میں سے 130 کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا اور امیدواروں کے انٹرویوز کئی روز تک جاری رہے۔
ان تین ناموں کو انٹیلیجنس کلیئرنس کے لیے ملک کی تین معتبر ایجنسیوں کو بھیجا گیا تھا جن کی کلیئرنس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے پہلے نمبر پر آنے والے معظم علی خان کو بطور وائس چانسلر مقرر کرنے کی منظوری دی۔