لاہور دنیاکے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا
اشاعت کی تاریخ: 23rd, October 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال آج بھی تشویشناک حد تک خراب ہے، شہر کی فضا مسلسل مضرِ صحت رہنے کے باعث لاہور ایک مرتبہ پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 253 ریکارڈ کیا گیا، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک سطح ہے۔ صبح کے اوقات میں برکی روڈ کے علاقے میں آلودگی کی شدت سب سے زیادہ رہی، جہاں اے کیو آئی 485 تک پہنچ گیا — جو “خطرناک ترین” زمرے میں شمار ہوتا ہے۔
پنجاب کے دیگر شہر بھی آلودگی کی لپیٹ میں ہیں۔ فضائی معیار پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق کاہنہ نو میں اے کیو آئی 433، قصور میں 338، گوجرانوالہ میں 258، فیصل آباد میں 211 اور ملتان میں 201 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کیے گئے۔ ان اعداد و شمار سے واضح ہے کہ صوبے کے بیشتر شہر شدید فضائی آلودگی کا شکار ہیں۔
عالمی درجہ بندی کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے، بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دوسرے، اور عراق کے دارالحکومت بغداد تیسرے نمبر پر ہیں۔ کراچی 181 اے کیو آئی کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگیا ہے جبکہ بھارتی شہر کلکتہ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
ماحولیاتی ماہرین کے مطابق اسموگ اور آلودگی کی اس بڑھتی ہوئی سطح کی بنیادی وجوہات میں صنعتی اخراج، گاڑیوں کا دھواں، فصلوں کی باقیات جلانا اور موسمیاتی تبدیلیاں شامل ہیں، جو انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
بھارتی دارالحکومت دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار؛ لاہور بھی خطرناک آلودگی کی لپیٹ میں
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے جب کہ لاہور بھی اس وقت خطرناک آلودگی کی لپیٹ میں ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت میں دیوالی کے موقع پر آتش بازی کے باعث فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی، جس کے نتیجے میں دارالحکومت نئی دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 772 تک جا پہنچا ہے، جسے ماہرین انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ سطح تصور کرتے ہیں۔
بھارت میں دیوالی کی تقریبات کے اثرات سرحد پار پاکستان میں بھی محسوس کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث لاہور سمیت پاکستان کے مشرقی شہروں کی فضا میں آلودگی نمایاں طور پر بڑھ رہی ہے۔
انڈیکس کے مطابق لاہور آج دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر ہے، جہاں علی الصبح شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 245 ریکارڈ کیا گیا جب کہ دن بھر میں اوسط انڈیکس 210 سے 240 کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق نئی دہلی کی آلودگی کے باعث لاہور میں اسموگ اور دھند میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ دھرمشالہ سے آنے والی ہوائیں گجرانوالہ کے راستے لاہور اور فیصل آباد کی جانب بڑھ رہی ہیں، جس سے فضا مزید مضر صحت بنتی جا رہی ہے۔
دریں اثنا پنجاب حکومت نے اسموگ کے تدارک کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کر دیا ہے۔ اس دوران اینٹی اسموگ گنز کا استعمال جاری ہے جب کہ شہریوں کو ماسک پہننے اور مخصوص اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادارہ برائے ماحولیاتی تحفظ پاکستان کے مطابق 0 سے 100 تک ایئر انڈیکس محفوظ تصور کیا جاتا ہے، 101 سے 200 درمیانی آلودگی جب کہ 300 سے 500 انتہائی آلودہ درجہ ہے۔ 500 سے زائد انڈیکس فضا میں شدید آلودگی کی نشاندہی کرتا ہے جس کے اثرات صحت مند افراد پر بھی منفی پڑ سکتے ہیں۔