یومِ سیاہ کے موقع پر کے پی حکومت کا کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار
اشاعت کی تاریخ: 27th, October 2025 GMT
یومِ سیاہ کے موقع پر کے پی حکومت نے بھی بھارتی مظالم کیخلاف کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کا یومِ سیاہ کے موقع پر کہنا تھا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی فورسز نے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضے کا آغاز کیا۔ بھارتی فورسز کے ظلم و جبر کا سلسلہ آج تک جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے، ہم ان کی جدوجہدِ آزادی میں شانہ بشانہ ہیں۔ عالمی انسانی حقوق کے ادارے بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلائے۔
محمد سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ خطے کا پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے وابستہ ہے۔ کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر پیغام دیا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔، بھارتی قبضہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
گورنر نے مزید کہا کہ آج کا دن اس غیر قانونی قبضے کے خلاف احتجاج اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بدترین بھارتی ریاستی جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، حقِ خود ارادیت دلوانے میں مؤثر کردار ادا کریں۔
گورنر نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام، کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہمارا ایمان ہے کہ ظلم ہمیشہ کے لیے غالب نہیں رہ سکتا، کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کریں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کشمیری عوام کے موقع پر کہا کہ
پڑھیں:
کوٹلی، حریت کانفرنس کے زیر اہتمام عظیم الشان ریلی
غلام محمد صفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو زور زبردستی اور فوجی طاقت کے ذریعے ہرگز محکوم نہیں رکھا جا سکتا۔ اسلام ٹائمز۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام کوٹلی آزاد کشمیر میں عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔ ذرائع کے مطابق ریلی میں کوٹلی کے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اقوامِ عالم کو واضح پیغام دیا کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیری قوم کو زیادہ عرصے تک محکوم نہیں رکھ سکتا۔ ریلی کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی نے کی جبکہ کشمیری حریت رہنما پرویز احمد شاہ، شیخ عبدالماجد، راجہ خادم حسین شاہین، سید اعجاز رحمانی، محمد اشرف ڈار، زاہد صفی اور زائد اشرف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی قابض افواج کے ظلم و تشدد، انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں، دوران حراست تشدد، گھروں کی مسماری، حریت رہنمائوں اور سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت کی۔
غلام محمد صفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو زور زبردستی اور فوجی طاقت کے ذریعے ہرگز محکوم نہیں رکھا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے اسے بار بار ناکام فوجی کارروائیوں، عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی تنہائی اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کے باعث رسوائی کا سامنا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ کشمیری قوم کی قربانیاں اور مزاحمت اس بات کا ثبوت ہیں کہ آزادی کی منزل قریب ہے اور بھارت ظلم و جبر سے تحریک آزادی کشمیر کو دبا نہیں سکتا۔ دیگر مقررین نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر عالمی برادری کو یاد دلایا کہ مقبوضہ کشمیر میں زندہ رہنے، اظہارِ رائے کی آزادی اور منصفانہ ٹرائل جیسے بنیادی حقوق مسلسل پامال کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق، حقِ خودارادیت دلوانے کے لئے عملی اقدامات کریں۔
مقررین نے واضح کیا کہ کشمیر ایک سلگتا ہوا عالمی تنازعہ ہے جسے مزید زیادہ عرصے تک نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کے ساتھ استصوابِ رائے سے متعلق کئے گئے وعدے کو پورا کیا جائے۔ ریلی میں شریک لوگوں کی بڑی تعداد نے بھارت مخالف نعرے لگائے اور مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو طاقت کے بل پر دبایا نہیں جا سکتا اور انہوں نے بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک تحریک آزادی کو ہر قیمت پر جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ریلی میں کوٹلی کی سیاسی، سماجی اور مذہبی قیادت کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ریلی سے صدر بار ایسوسی ایشن سردار آفتاب انجم، یونیورسٹی آف کوٹلی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر غلام نبی، پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری عامر یاسین، خالصہ تحریک کے رہنما پورن سنگھ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔