کشمیری عوام حق خودارادیت ملنے تک اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے، بلال صدیقی
اشاعت کی تاریخ: 30th, October 2025 GMT
ذرائع کے مطابق بلال صدیقی نے سینٹرل جیل سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر پر کئی دہائیوں سے طاقت، جبر اور دھوکے سے حکومت کی جا رہی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما بلال احمد صدیقی نے کہا ہے کہ بھارت روز اول سے کشمیری عوام کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کر رہا ہے جبکہ وہ بھی آزادی، مساویانہ سلوک اور احترام کا حق رکھتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلال صدیقی نے سینٹرل جیل سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر پر کئی دہائیوں سے طاقت، جبر اور دھوکے سے حکومت کی جا رہی ہے جبکہ عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ کی طرف سے کئے گئے وعدے ابھی تک پورے نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کے سیاسی مستقبل کا تعین کرنے کے حق کی یقین دہانی کرائی گئی تھی لیکن ان کی قومی شناخت اور امنگوں کو منظم طریقے سے کچلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے دفعہ370 اور 35A کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کے لوگوں کی شہری حیثیت کم کر کے انہیں براہ راست اپنے کنٹرول میں رکھا ہے، ان پر فوجی محاصرہ مسلط کر دیا ہے، اظہار رائے اور اجتماع کی آزادی پر پابندی جبکہ خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے۔ بلال صدیقی نے کہا کہ حقیقی شہریت کی بنیاد حقوق، انصاف اور مساوات پر ہوتی ہے اور کشمیریوں کو ان سب سے محروم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی حکومت کو یہ اخلاقی یا قانونی اختیار نہیں ہے کہ وہ کشمیری عوام کی تاریخ، شناخت یا سیاسی امنگوں کو مٹا سکے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے بین الاقوامی علمبرداروں اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ ہونے والی سنگین ناانصافیوں کو تسلیم کریں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ اپنی پرامن جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیں اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت نہیں دیا جاتا۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا کہ بلال صدیقی
پڑھیں:
پاکستان کشمیریوں کی منزل مقصود اور محفوظ ترین پناہ گاہ ہے، سردار عتیق
ووکرز کنونشن سے خطاب کے دوران ان کا کہا تھا کہ ان کی جماعت پاکستان کے ساتھ غیر مشروط وابستگی پر یقین رکھتی ہے، مسلم کانفرنس کو کمزور کرنے کا مطلب قائد اعظم کی کشمیر پالیسی کو کمزور کرنا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی منزل مقصود اور محفوظ ترین پناہ گاہ ہے جبکہ ”کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ“ جنوبی ایشیا کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ ذرائٰع کے مطابق سردار عتیق احمد خان نے آزاد جموں و کشمیر کے ضلع میرپور کی تحصیل ڈڈیال میں مسلم کانفرنس کے ووکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کہا کہ ان کی جماعت پاکستان کے ساتھ غیر مشروط وابستگی پر یقین رکھتی ہے، مسلم کانفرنس کو کمزور کرنے کا مطلب قائد اعظم کی کشمیر پالیسی کو کمزور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس وہ جماعت ہے جو ریاست جموں و کشمیر کے تشخص اور وحدت کی پہرے دار ہے۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی مخالفت مملکت خداداد پاکستان کی مخالفت کے مترادف ہے، دشمن ہماری اندرونی تقسیم اور ہمارے سیاسی عدم استحکام سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ بزدل دشمن بھارت نے ہمارے ساتھ فوجی پنجہ آزمائی میں ہزیمت و ناکامی کے بعد ہمیں اندرونی طور پر عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوششوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ دشمن ہماری صفوں میں انتشار اور بدامنی پیدا کر کے پاکستان کی شہ رگ پر ہاتھ ڈالنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کا مستقبل کشمیر بنے گا پاکستان سے وابستہ ہے، پاکستان اور ریاست جموں و کشمیر کے درمیان موجود لازوال رشتوں پر پہرے داری کے بغیر تحریک آزادی کا سفر ہرگز مکمل نہیں ہو سکتا۔ یوتھ کنونشن میں مسلم کانفرنس کی جنرل سیکرٹری مہر النسا، چوہدری شوکت علی صدر ضلع میرپور، چیئرمین یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان، مرزا محمد شفیق جرال ایڈووکیٹ، راجہ ظفر معروف، سابق ممبر کشمیر کونسل سید غلام رضا نقوی ایڈووکیٹ، چوہدری خضر حیات، راجہ شفیق خان، راجہ وسیم خالد، ساجد قریشی ایڈووکیٹ اور دیگر رہنما شریک تھے۔