کے ایم سی کو کنٹونمنٹ علاقوں سے میونسپل ٹیکس وصول کرنے سے روک دیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 19th, November 2025 GMT
سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کو کنٹونمنٹ علاقوں سے ایم یو سی ٹی وصولی سے روک دیا۔
ہائی کورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو کنٹونمنٹ بورڈ ملیر کے رہائشیوں سے کے ایم سی کی جانب سے بجلی کے بل میں میونسپل ٹیکس وصولی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ ملیر کنٹونمنٹ بورڈ پہلے ہی کنزرونسی ٹیکس وصول کررہا ہے۔
کے ایم سی کی جانب نے بجلی کے بل میں میونسپل چارجز بھی شامل کردیئے ہیں۔ بیک وقت دو ادارے میونسپل ٹیکس وصول کررہے ہیں۔ کنٹونمنٹ علاقوں سے کے ایم سی میونسپل ٹیکس وصول نہیں کرسکتا۔
کنٹونمنٹ بورڈ کے ایم سی کے مقابلے میں زائد ٹیکس وصول کررہا ہے۔ کے ایم سی اور کے الیکٹرک کو کنٹونمنٹ علاقوں سے میونسپل ٹیکس کی وصولی سے روکا جائے۔
کنٹونمنٹ بورڈ کو کے ایم سی کے مساوی ٹیکس کی کٹوتی کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے کے ایم سی کو تمام کنٹونمنٹ بورڈ سے میونسپل ٹیکس وصول کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے کنٹونمنٹ علاقوں سے میونسپل ٹیکس کی وصولی کنٹونمنٹ بورڈز کا اختیار قرار دیدیا۔عدالت نے کے الیکٹرک کو کنٹونمنٹ علاقوں سے بجلی کے بل کے ذریعے ایم یو سی ٹی وصولی روکنے کا حکم دیدیا۔
عدالت نے ہدایت کی کہ کے الیکٹرک کنٹونمنٹ بورڈز کے رہائشیوں سے ایم یو سی ٹی چارجرز نہ وصول نہ کرے۔ آئینی بینچ نے درخواست نمٹادی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کو کنٹونمنٹ علاقوں سے سے میونسپل ٹیکس کنٹونمنٹ بورڈ کے ایم سی عدالت نے
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔