لاہور (نوائے وقت رپورٹ)  وزیراعلیٰ مریم نواز  کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر کے لئے مقرر کردہ ’’کی پرفارمنس انڈیکیٹر‘‘کی کڑی جانچ پڑتال کا حکم دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز  کی ہدایت پر صوبے کے ہر ضلع میں گورننس کے معیار کی مکمل نگرانی کے لیے خفیہ ٹیمیں بھیجی جائیں گی۔ پنجاب حکومت نے غیر معیاری کارکردگی دکھانے والے ستھرا پنجاب کے نجی ٹھیکیداروں کے خلاف فوری کارروائی کی وارننگ دے دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بعض شہروں میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر شدید برہمی کا اظہارکیا۔ معیاری کام نہ کرنے والے ستھرا پنجاب کنٹریکٹرز کی ادائیگی فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صفائی کی صورتحال تسلی بخش نہ ہونے پر ستھرا پنجاب کنٹریکٹ دوبارہ کرنے پر غورکیا گیا۔ آوارہ کتوں کے کاٹنے اور مین ہول میں گرنے سے ہلاکتیں روکنے میں ناکامی پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے سخت سرزنش کی گئی۔ بعض اضلاع کے چند سرکاری ہسپتالوں میں پوری طرح فری میڈیسن نہ ملنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پنجاب کے ہر شہر میں صفائی کے معیار کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے کوڑے دان کی صفائی اور ویسٹ انکلوژر بنانے کا حکم دیا۔ شہروں کا ماحول صاف ستھرا اور خوشگوار رکھنے کے لئے ویسٹ انکلوژرکے گرد چاردیواری بناکر مکمل طور پر بند کرنے کی ہدایت کی۔ پنجاب بھر میں کوڑے دان روزانہ دھوئے جائیں، صفائی میں ذرا سی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ پارکنگ ایریاز، بس سٹینڈز، اڈوں اور تمام پبلک مقامات کی مثالی صفائی کا حکم دیا۔  تجاوزات کے مستقل خاتمے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے 24/7 مانیٹرنگ ہو گی۔ آمد ورفت میں رکاوٹ پیدا کرنے والی ریڑھیاں فوری ہٹانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز  نے سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کے ساتھ گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔  الیکٹرک بسوں کی حفاظت دیکھ بھال ضروری قرار دی گئی۔ لٹکتے ہوئے خطرناک بجلی کے تار فوری درست کرانے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ بجلی کمپنیوں کو سخت ہدایات جاری کیں۔ گڈگورننس یقینی بنانے کے لئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ویجی لینس ٹیمیں بنانے کا حکم دیا۔ مساجد کے وضو خانے کا پانی شجرکاری کے لئے استعمال کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں صفائی، مین ہول ڈھکن اور سٹریٹ لائٹس یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ سرکاری احکامات پر عملد رآمد یقینی نہ بنانے والی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو جرمانہ کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ واٹرفلٹریشن پلانٹ کی دیکھ بھال اور صفائی کا حکم دیا۔ پبلک ٹوائلٹ کی مکمل اور مستقل صفائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ نئے پٹرول پمپ پر چارجنگ سٹیشن ضروری قرار دیا گیا۔ تمام ہائی ویز کے پٹرول پمپ پر بہترین صاف ستھرے ٹوائلٹ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ہر چھوٹے  بڑے شہر میں گرین بیلٹس کی مرمت، باقاعدہ شجرکاری اور گھاس لگوانے کا حکم دیا۔ رات 10بجے کے بعد شادیاں ختم اور ون ڈش کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت  بھی کی اورمسلسل غیر معیاری کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ضلعی سربراہان کو تبدیل کرنے کی وارننگ دی گئی۔ 2 وارننگ کے بعد تیسری وارننگ پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو ہٹانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ فنڈزدینے کے باوجود بہترین رزلٹ نہ آنا افسوسناک ہے۔ عوام کی خدمت کے امور میں کسی غلطی یا کوتاہی کی ہرگز گنجائش نہیں۔ پنجاب کے ہر شعبے میں نیکسٹ لیول گورننس درکار ہے۔ انتظامیہ کو پورے اختیارات، فنانس اور اعتماد دیا اب100فیصد رزلٹ چاہیے۔ پنجاب گڈ گورننس میں باقی صوبوں سے بہتر ہے لیکن میں مطمئن نہیں۔ ڈپٹی کمشنرز نے افغان ایشو اور دیگر امور میں اچھا کا م بھی کیا مگر گورننس کا معیار بھی بہتر بنانا ہوگا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ عوام کے گھروں کو اپنا گھر سمجھ کر صاف رکھنے کے لئے کوششیں کریں۔ انہوں نے بتایا کہ برازیل میں درخت کی شاخ کاٹنا بھی جرم ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ ہرشہر کے ہر بازارمیں فٹ پاتھ دکان کے داخلی دروازے تک بنائیں، ٹوٹے فٹ پاتھ اور فریش پینٹ نہ ہونے سے شہروں کی صورت بگڑ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع سے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے براہ راست فیڈ بیک لے رہی ہوں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ اپنے سیاسی لوگوں کو ناراض کرکے ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات، فنانشل پاور اور سہولتیں دیں۔ 40سے50 ارب روپے کی مشینری اور ڈیڑھ لاکھ فورس کے باوجود کوڑے کے ڈھیر نظر آنا قطعاً گوارا نہیں۔

.

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: یقینی بنانے کی ہدایت وزیراعلی مریم نواز مریم نواز شریف نے ڈپٹی کمشنرز کی ہدایت کی کا حکم دیا شریف نے کہ میں صفائی کیا گیا کے لئے

پڑھیں:

نئے صوبے بنانے سے ملک مزید تقسیم کا شکار ہو گا: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی27ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے ملاقات کی- وزیراعلیٰ نے این ڈی یو کے وفد کا پر تپاک خیرمقدم کیا۔ شرکاء کو حکومت پنجاب کے عوامی فلاح وبہبود کے پراجیکٹس اوراقدامات سے آگاہ کیا۔ نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے حکومت پنجاب کے فلاحی اقدامات کو سراہا۔ وزیراعلی نے کہاکہ آپریشن’’بنیان مرصوص‘‘ میں کامیابی کے بعد پاکستان دنیا میں ہر مقام پر سربلند ہے۔ پنجاب میں بہت کچھ کرچکے ہیں اوربہت کچھ ہونے جارہا ہے۔وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ احتساب نہ ہونے پر پبلک سیکٹر میں پرفارمنس زیرو ہوجاتی ہے۔ سیلاب  کے اثرات کا سامنا کررہے ہیں،نہ صرف لاکھوں افراد بلکہ مویشیوں کو بھی بچایا گیا۔ ماحولیاتی تبدیلی حقیقت ہے،بہتری کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی۔ پنجاب میں سموگ کنٹرول کرنے کیلئے انتھک محنت کی گئی۔ سرحد پار سے فصلیں جلانے کے اثرات لاہور پر آتے ہیں۔ ووٹ نہ ملنے کا ڈر ہو تو کوئی اچھا کام نہیں کیا جا سکتا،تجاوزات اٹھانے پر لوگ ناراض بھی ہوئے۔ میرٹ کا نفاذ اورسفارش کی نفی ہمارا نصب العین ہے۔پنجاب میں میرٹ کی خلاف ورزی نہیں کی جاسکتی،سیاسی بنیاد پر کوئی بھرتی نہیں کی گئی۔ کوئی کہہ دے کہ میں نے کسی کی سفارش کی ہے تو استعفیٰ تک دے سکتی ہوں۔ممکن ہے نچلے لیول پر کرپشن پوری طرح کنٹرول میں نہ ہو مگر اب ٹاپ لیول پر ممکن نہیں۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین وزراء، سیکرٹری، کمشنر،ڈی سی اورڈی پی او کام کررہی ہیں۔ مریم اورنگزیب،عظمی بخاری،ثانیہ عاشق،سلمی بٹ بہت محنتی اوراچھاکام کررہی ہیں۔میرٹ،شفافیت اوربروقت فیصلہ سازی گڈگورننس کے رہنماء اصول ہیں۔ بروقت فیصلہ سازی کیلئے ہمت اورپھر قابلیت بھی درکار ہوتی ہے۔ ڈیپارٹمنٹس کی کارکردگی کا جا ئزہ لینے کیلئے وزراء اورسیکرٹریز کے 6،6گھنٹے کے میراتھن سیشن ہورہے ہیں۔سرکاری طورپر گندم نہ خریدنے سے کسان نہیں مڈل مین فائدہ اٹھاتا ہے۔ گندم نہ خریدنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا،پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی،آٹا اورگندم کے نرخ نہیں بڑھے۔ احتساب اورجوابدہی کے احساس کے بغیرگڈ گورننس ممکن نہیں۔ سبزی، روٹی اورآٹا سستا ہونے سے غریب آدمی کا کچن آسانی سے چل سکتا ہے۔ خوف اورغصے سے کام نہیں لیا جاسکتا،بیوروکریسی کی طرف سے مثبت تعاون ملاہے۔ ناکامیوں کا ملبہ بیوروکریسی یا دوسروں پر ڈالنا میرا وطیرہ نہیں۔ میرا خیال ہے کہ مزید صوبے بنانے سے ملک مزید تقسیم کا شکار ہوگا۔ ماحولیات کی بہتری اورتحفظ کیلئے پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں کام ہورہا ہے۔ سرمایہ کاروں کیلئے اکنامک زون اورانڈسٹریل سٹیٹ کے دروازے کھول دیئے۔سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے فریز لینڈ بھی دینا پڑی تو دیں گے۔ گارمنٹس سٹی پلگ اینڈ پلے پراجیکٹ بالکل تیار ہے،جلد آغاز کریں گے۔ چل رہے ہیں لیکن کرپشن کی کوئی شکایت نہیں۔ انشاء اللہ پانچ سال میں پنجاب کرپشن فری ہوگا۔میرے بارے میں جلسوں میں رکیک جملے کہے گئے،والد کیساتھ کھڑے ہونے پر جیل میں ڈال دیا گیا، آج مکافات عمل ہے۔وہ جانتے تھے ان کو نہ گرایاگیاتو ہماری جگہ نہیں بنتی،دنیا میں پاکستان اورپاکستان کے لوگوں کو بدنام کیاگیا۔ سیاسی اخلاقیات کا معیار مقرر کرنا چا ہیے،الزام لگایا ہے تو ثابت بھی کریں۔ گالی گلوچ اورالزام تراشی کاجواب پرفارمنس کے بیانیے سے دیں گے۔ مریم نواز شریف نے لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں فورسز کے آپریشنز میں 18 بھارتی اسپانسرڈدہشت گرد وں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • عوامی خدمت کے امور میں کسی غلطی یا کوتاہی کی ہرگز گنجائش نہیں، وزیراعلی پنجاب
  • پنجاب میں گڈ گورننس کو نیکسٹ لیول پر لے جانا اولین ترجیح ہے، مریم نواز
  • وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں گورننس اور صفائی انتظامات کی نگرانی مزید سخت کردی
  • پنجاب کے بعض شہروں میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر وزیراعلیٰ برہم
  • مریم نواز کا شہروں میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار
  • وزیراعلیٰ مریم نواز کا غیر معیاری کام پر ستھرا پنجاب کنٹریکٹر کی ادائیگی معطل کرنے کا حکم
  • وزیراعلیٰ مریم نواز کا غیر معیاری کام پر ستھرا پنجاب کنٹریکٹر کی ادائیگی معطل کرنے کا فیصلہ
  • گورننس کی نگرانی مزید سخت، کوتاہی برداشت نہیں ہوگی: مریم نواز
  • نئے صوبے بنانے سے ملک مزید تقسیم کا شکار ہو گا: مریم نواز