ڈی آئی خان میں بم دھماکا،3 پولیس اہلکار شہید
اشاعت کی تاریخ: 3rd, December 2025 GMT
ڈی آئی خان (نیوز ڈیسک)ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پنیالہ میں پولیس موبائل کو نشانہ بناتے ہوئے بم دھماکہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ واقعہ پنیالہ پولیس کی حدود میں پیش آیا، جہاں نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس گاڑی کو نشانہ بنایا۔
اطلاعات کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والوں میں اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان شامل ہیں۔ دھماکے کے فوراً بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی اور سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ حملہ بظاہر سیکیورٹی اہلکاروں کو ٹارگٹ کرکے کیا گیا، جب کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
بنوں میں فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان اور 2 پولیس اہلکار شہید
حملہ آوروں نے فائرنگ کے بعد زخمی اہل کاروں سے اسلحہ چھین لیا اور گاڑی کو نذر آتش کرکے فرار ہو گئے
بنوں کے علاقے میران شاہ روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی جس کی زد میں آکر اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان اور 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق بنوں میں میران شاہ روڈ فلور ملز کے قریب مسلح افراد نے پولیس گاڑی پر حملہ کیا، نامعلوم مسلح افراد زخمی پولیس اہلکاروں سے اسلحہ بھی لے گئے۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حملے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان اور 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں جبکہ تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ شہید اور زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا، پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔
قبل ازیں اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر بنوں نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ کی گاڑی پر حملہ کیا گیا، فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار اور ایک ڈرائیور زخمی ہوا ہے۔