کراچی میں 35 ویں نیشنل گیمز کا باقاعدہ افتتاح
اشاعت کی تاریخ: 6th, December 2025 GMT
18 برس کے بعد سندھ کی میزبانی میں ہونے والے 35 ویں نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب ہفتہ کو نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔تقریب میں بلاول بھٹو زرداری مہمان خصوصی تھے،تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری صوبائی وزرا، اعلی حکام معروف کھلاڑی،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدے دار بھی شریک ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ 18 سال کے بعد سندھ کو نیشنل گیمز کی میزبانی ملنا ایک اعزاز ہے، گیمز میں ملک بھر سے نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے جمع ہوئے ہیں، یہ قومی یکجہتی کا بہترین مظاہرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، ملک اور قوم کی ترقی میں یہ نوجوان اہم کردار ادا کریں گے، نیشنل گیمز کے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ امید ہے کہ وہ سندھ کی پرتپاک میزبانی سے لطف اندوز ہوں گے اور کھیلوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کریں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ میگا ایونٹ میں پاکستان بھر سے آئے ہوئے تمام کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں،سندھ کی عظیم ثقافت میں یہاں کی مہمان نوازی نمایاں ہے۔نیشنل گیمز تمام صوبوں کے اتحاد کی نمائندگی کرتے ہیں.
صوبائی وزیر کھیل اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سردار محمد بخش خان مہر نے آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے استقبالی کلمات ادا کیے۔انہوں نے گیمز کے شایان شان انعقاد کے لیے بہترین انتظامات کرنے کا اعادہ کیا۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید نے اولمپک تحریک کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔
مہمان خصوصی نے گیمز میں شریک دستوں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے مارچ پاسٹ کے بعد سلامی لی،سندھ کے نوجوان ایتھلیٹ محمد زبیر منیر اور ماہ نور فاطمہ نے کھلاڑیوں کی جانب سے حلف لیا۔
بعد ازاں پیرس اولمپک کے گولڈ میڈلسٹ اولمپین ارشد ندیم نے سابق ہاکی کپتان اولمپین اصلاح الدین اور دیگر کے ہمراہ تالیوں کی گونج میں اولمپک مشعل روشن کی۔
مہمان خصوصی نے باضابطہ طور پہ نیشنل گیمز کے آغاز کا اعلان کیا۔ افتتاحی تقریب میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے ہزاروں طلبہ و طالبات مختلف انکلوژر میں موجود تھے۔ خصوصی افراد کے لیے بھی ایک الگ انکلوژر بنایا گیا تھا۔
تقریب میں مختلف نمائشی کھیلوں کے مقابلے پیش کیے گئے جسمانی مہارتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔لیزر لائٹ شو کا بھی اہتمام کیا گیا، میوزیکل کنسرٹ میں نامور گلوکار حزیقہ کیانی اور علی ظفر نے اپنے شاندار فن کا مظاہرہ کیا جبکہ آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی ہواْ
واضح رہے کہ نیشنل گیمز میں کراچی کے 26 مقامات پر 32 کھیلوں کے مقابلوں میں14 دستوں کے 11 ہزار کے لگ بھگ کھلاڑی آفیشلز اور مہمان شریک ہیں، 13 دسمبر تک جاری رہنے والے گیمز کیب اختتامی تقریب میں وزیراعظم میاں شہباز شریف مہمان خصوصی ہوں گے۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایسوسی ایشن نیشنل گیمز
پڑھیں:
18 سال بعد سندھ کو نیشنل گیمز کی میزبانی ملنا خوش آئند ہے: اولمپئن ارشد ندیم
پیرس اولمپکس 2024 کے گولڈ میڈلسٹ اولمپین ارشد ندیم نے کہا ہے کہ 18 سال بعد سندھ کو نیشنل گیمز کی میزبانی ملنا خوش آئند ہے۔ کراچی کے لیے یہ بڑی اعزاز کی بات ہے کہ یہاں پر نیشنل گیمز کا انعقاد ہو رہا ہے۔
سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر کے ہمراہ نیشنل اسٹیڈیم کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اولمپین ارشد ندیم نے کہا کہ نیشنل گیمز قومی کھیلوں میں بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ نوجوانوں کے لیے یہ کھیل اہمیت کے حامل ہیں،اہلیان کراچی سے گزارش ہے کہ وہ ہفتے سے شروع ہونے والے 35 ویں نیشنل گیمز کے مقابلوں کو ذوق و شوق کے ساتھ دیکھیں، کھلاڑیوں اور کھیلوں کی سرپرستی کریں۔
اولمپین ارشد ندیم نے کہا کہ نیشنل گیم جیسے مقابلوں کا تسلسل کے ساتھ انعقاد ضروری ہے۔
انہوں نے پرتپاک خیر مقدم اور مہمان نوازی پر حکومت سندھ خاص طور پر وزیر کھیل کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر اولمپین ارشد ندیم کو سندھ کی روایتی ٹوپی اور اجرک پہنائی گئی اور تحائف پیش کیے گئے۔