وزیرِ اعظم کی صدر ترکمانستان سے ملاقات، تجارتی و اقتصادی روابط مضبوط بنانے کا عزم
اشاعت کی تاریخ: 11th, December 2025 GMT
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی اشک آباد میں ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے دو طرفہ ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارتی اور اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے رواں برس کے آغاز پر ایران اسرائیل جنگ کے دوران پاکستانی شہریوں کو ایران سے بحفاظت نکالنے کے لیے فراہم کیے جانے والے تعاون پر ترکمان قیادت اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
وزیرِ اعظم نے ترکمانستان کے ساتھ زمینی اور سمندری راستوں کے ذریعے روابط بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا اور کہا کہ کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کا جغرافیہ مثالی ہے جسے ترکمانستان جنوبی ایشیاء اور اس سے باہر اپنی رسائی کو بڑھانے کے لیے استعمال کر کے بروئے کار لا سکتا ہے۔
ترکمانستان کی جانب سے پاکستانی وفد کی شاندار مہمان نوازی پر ترکمان صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ترکمانستان کے عوام کے قومی رہنماء گربنگولی بردی محمدوف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے ترکمانستان کی عوام کے قومی رہنما اور صدر سردار بردی محمدوف کو آئندہ برس پاکستان کے سرکاری دورے کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔
ترکمانستان کے صدر نے وزیرِ اعظم کے دورے اور امن و اعتماد کے بین الاقوامی فورم میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ ترکمانستان پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: ترکمانستان کے
پڑھیں:
سری لنکا کا سیاحت سے متعلق روڈ شو کراچی میں منعقد، دوطرفہ روابط مزید مضبوط
کراچی:سری لنکا نے پاکستان خصوصاً کراچی کی مارکیٹ میں اپنی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سیاحت سے متعلق ایک اہم بی ٹو بی روڈ شو اور نیٹ ورکنگ ایونٹ کا انعقاد کیا۔
مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کا مقصد پاکستانی ٹریول انڈسٹری کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا اور دونوں ملکوں کے درمیان سیاحتی روابط میں نئی توانائی پیدا کرنا تھا۔
اس پروگرام کا انعقاد سری لنکا کنونشن بیورو نے وزارتِ خارجہ، وزارتِ بیرونِ ملک روزگار و سیاحت، قونصل جنرل آف سری لنکا کراچی اور سری لنکن ایئرلائنز کے تعاون سے کیا۔
تقریب میں پاکستانی ٹریول ٹریڈ کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے سری لنکا کے وفد کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور سیاحتی شعبے میں نئے مواقع پر بات چیت کی۔
سری لنکا کے وفد میں ملک کی نمایاں ڈیسٹینیشن مینجمنٹ کمپنیاں شامل تھیں جنہوں نے پاکستانی ٹور آپریٹرز کو سری لنکا میں سیاحت، کاروباری سرگرمیوں، گروپ ٹورز نےمیٹنگز، انسنٹیوز، کانفرنسز اور ایگزیبیشنز کے حوالے سے سہولتوں اور خدمات سے آگاہ کیا۔
تقریب کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ سری لنکا سال بھر کے لیے پوری طرح کھلا اور محفوظ سیاحتی مقام ہے جہاں تفریح، کاروبار، ثقافت، قدرتی مقامات اور مہم جوئی سمیت ہر طرح کے مسافروں کے لیے بھرپور مواقع موجود ہیں۔
سال 2025 میں 20 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں نے سری لنکا کا دورہ کیا جو دوطرفہ سیاحتی تعلقات میں مثبت رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔ اس سلسلے میں سری لنکن ائیرلائنز کی جانب سے پاکستان کے لیے ہفتہ وار 8براہِ راست پروازیں جن میں سے 4 کراچی اور4 لاہور سے دونوں ملکوں کے درمیان سفر کو مزید سہل بنا رہی ہیں۔ ویزا سہولتوں میں بہتری اور بین الاقوامی سفر کی بحالی نے بھی پاکستانی مسافروں کی دلچسپی میں اضافہ کیا ہے۔
تقریب میں سری لنکا کے روایتی رقص کا مظاہرہ بھی پیش کیا گیا جس نے شرکا کو سری لنکا کی ثقافت اور ورثے سے روشناس کرایا۔اس موقع پر قونصل جنرل آف سری لنکا کراچی، سنجیوا پٹی ویلا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور دوستانہ تعلقات ہمیشہ مضبوط رہے ہیں۔
انہوں نے پاکستانی عوام کو سری لنکا کی قدرتی خوبصورتی، ساحلی مقامات، جنگلات، تاریخی ورثے اور گرمجوش مہمان نوازی سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دی۔ انہوں نے نومبر 2025 میں طوفان دِتوا کے بعد پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی انسانی ہمدردی پر مبنی مدد پر بھی شکریہ ادا کیا۔
سری لنکا کنونشن بیورو کے چیئرمین دھیرا ہٹیا راچچی نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے لیے خطے کی ایک اہم مارکیٹ ہے جہاں سے آنے والے سیاح نہ صرف تفریح بلکہ کاروباری مقاصد کے لیے بھی سری لنکا کا رخ کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سری لنکا سیاحت کے شعبے میں خصوصی معاونت فراہم کرتا ہے اور پاکستانی کاروباری گروپس اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
سری لنکن ایئرلائنز پاکستان کے مینیجر روان وجیکون نے اس موقع پر کہا کہ ایئرلائن پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فضائی روابط کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے اور خصوصی کرایوں اور سہولتوں کے ذریعے پاکستانیوں کے لیے سفر کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر یہ بات واضح ہوئی کہ پاکستان تیزی سے ایک ابھرتی ہوئی آؤٹ باؤنڈ مارکیٹ ہے جہاں کے مسافر ثقافتی تجربات، قدرتی مناظر، مہم جوئی اور کاروباری سفر میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، جبکہ سری لنکا ان تمام شعبوں میں مسافروں کو معیاری اور منفرد تجربات فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
کراچی میں منعقدہ اس روڈ شو نے دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت، تجارت اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے جس سے مستقبل میں دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔